ایم بی بی ایس کا نیا نصاب متعارف، یکم مارچ سے نافذ العمل ہوگا

Published On 17 February,2023 07:36 pm

لاہور: (دنیا نیوز) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کا تاریخی اقدام، ایم بی بی ایس کا نصاب ایک دہائی سے زیادہ عرصے کے بعد تبدیل کردیا۔

میڈیکل کالج میں پہلے دن سے طلبہ کو کلینیکل تربیت دی جائے گی، نیا نصاب یکم مارچ سے پنجاب بھر کے میڈیکل کالجوں میں نافذ العمل ہوگا، نئے ماڈیولز نصاب کی منظوری جمعہ کے روز یو ایچ ایس کی اکیڈمک کونسل اور بورڈ آف سٹڈیز میڈیسن کے مشترکہ اجلاس میں دی گئی جس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر احسن وحید راٹھور نے کی۔

اجلاس میں الحاق شدہ میڈیکل کالجوں کے سربراہان اور سینئر فیکلٹی نے شرکت کی، رجسٹرار یو ایچ ایس پروفیسر نادیہ نسیم اور کنٹرولر امتحانات پروفیسر ثاقب محمود بھی اس موقع پر موجود تھے۔

نیا نصاب 44 ماڈیولز پر مشتمل ہے، میڈیکل کے طلبہ کو پانچ سال میں 5500 گھنٹے پڑھایا جائے گا، مزید برآں 500 گھنٹے سیلف سٹڈی کیلئے رکھے گئے ہیں، امتحانات میں 80 فیصد حصہ یونیورسٹی پروفیشنل امتحانات اور 20 فیصد کالج میں طالب علم کی کارکردگی کا ہوگا۔

پروفیشنلزم، اخلاقیات ، ریسرچ، لیڈر شپ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی نئے نصاب کی نمایاں خصوصیات ہیں، نئے نصاب میں فیملی میڈیسن، ہیلتھ کیئر کمیشن کے ایم ایس ڈی ایس کو شامل کیا گیا ہے ، یو ایچ ایس کے ڈائریکٹر میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر خالد رحیم نے نئے نصاب کی تیاری کے حوالے سے ارکان کو بریفننگ دی۔

وی سی پروفیسر احسن وحید راٹھور نے بتایا کہ نئے نصاب کو پڑھانے کیلئے کالجوں کی فیکلٹی کو تربیت دی جائے گی اور اس مقصد کیلئے 27 فروری سے 12 مراکز پر فیکلٹی کیلئے ورکشاپس کا انعقاد کیا جائے گا، ان کا کہنا تھا کہ نئے نصاب کا مقصد عالمی معیار کے " سیون سٹار ڈاکٹرز" تیار کرنا ہے۔

اس موقع پر اکیڈمک کونسل اور بورڈ آف سٹڈیز کے ممبران نے کی نئے نصاب کی تیاری پر یونیورسٹی کو مبارکباد دی، پروفیسر احسن وحید راٹھور نے کالجز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ماڈیولز اور انٹیگریٹڈ نصاب کے نفاذ میں مشکلات آئیں گی، تاہم تمام کالجوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔

اجلاس میں ایم فل اور دیگر ماسٹرز پروگرامز میں تھیسس کی جانچ غیر ملکی ممتحن سے کروانے کی شرط ختم کرنے کی بھی منظوری دی گئی، پی ایچ ڈی تھیسس کی جانچ کیلئے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی پالیسی اپنانے کا فیصلہ کیا گیا،

اس حوالے سے پروفیسر احسن وحید راٹھور نے بتایا کہ تھیسس کی جانچ میں ایک ایک سال تک کی تاخیر ہورہی ہے، مزید برآں غیر ملکی ممتحن کو ڈالرز میں معاوضہ دینے سے یونیورسٹی پر مالیاتی بوجھ بہت بڑھ چکا ہے، انھوں نے کہا کہ ایم فل، ماسٹرز پروگرامز کیلئے غیر ملکی ممتحن کی شرط کسی ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے نہیں، اس لیے طلبہ کی سہولت کے پیش نظر اسے ختم کیا جارہا ہے۔

اجلاس میں یو ایچ ایس کی جانب سے آئیندہ سے صرف میڈیکل کے شعبوں میں ایم فل اور پی ایچ ڈی کروانے کا فیصلہ بھی کیا گیا، پروفیسر احسن راٹھور نے کہاکہ نان میڈیکل شعبوں میں پوسٹ گریجوایٹ ڈگری پروگرام بند کردیے ہیں،

یونیورسٹی پوسٹ گریجوایٹ پروگرامز میں داخلے کیلئے بنیادی کوالیفیکیشن ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس ہوگی۔ مزید برآں ایسے بی ایس پروگرامز جن میں کوئی کیرئیر نہیں انہیں بھی بند کر دیا جائے گا، بورڈ آف سٹڈیز نے پریکٹیکل امتحانات کو دوبارہ سینٹرالائزڈ کرنے کی بھی منظوری دی۔

اس حوالے سے پروفیسر احسن وحید راٹھور نے بتایا کہ امتحانی نظام میں کئی اصلاحات کی ہیں، سینئر فیکلٹی کو امتحانات کی مانیٹرنگ کی ذمہ داری دی گئی ہے، وی سی یو ایچ ایس نے ہدایت کی کہ امتحانات کے دوران کالجوں کے پرنسپلز سینٹرز کا دورہ کریں۔