پی آئی اے طیاروں کی کلر سکیم تبدیل کرنے کی سفارش

Published On 21 January,2023 04:38 pm

کراچی: (دنیا نیوز) انتظامیہ نے پاکستان ایئرلائنز (پی آئی اے) کے طیاروں کی کلر سکیم اور دم کا ڈیزائن ایک بار پھرتبدیل کرنے کی سفارش کی ہے۔

انتظامیہ کی جانب سے مختلف ڈیزائن اور کلر سکیم پر مبنی سفارشات بورڈ آف ڈائریکٹرز کو پیش کر دی گئی ہیں، طیاروں کی دم پر مارخور کی تصویراور نئی بلیو کلر سکیم 2018 میں متعارف کروائی گئی تھی، بعد میں عوامی دباؤ پر اس کلر سکیم کو ختم اور موجودہ کلر سکیم کو بحال کیا گیا تھا۔

بورڈ کی جانب سے پیش کردہ سفارشات واپس کر کےمزید ڈیزائن اور سکیم پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، بورڈ ارکان نے کلر سکیم کے لئے پاکستانی تشخص ہر صورت ملحوظ خاطر رکھنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

علاوہ ازیں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ارکان کی جانب سے کلر سکیم تبدیلی کی صورت میں ہونے والے اخراجات کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔