قومی ائیر لائنز کے آپریشنل بیڑے میں 2 طیاروں کا اضافہ

Published On 18 January,2023 06:36 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پی آئی اے کے آپریشنل بیڑے میں جہازوں کی تعداد میں اضافہ جاری ہے، 24 گھنٹے کے دوران آپریشنل بیڑے میں 2 طیاروں کا اضافہ ہو گیا۔

مشکل معاشی حالات کے باوجود حکومت پی آئی اے کی ترقی کیلئے سرگرم ہے، گزشتہ دنوں آنے والا نیا ائیربس 320 طیارہ شیڈول میں شامل ہو گیا، نئے ائیربس 320 نے پی کے 309 کی حیثیت سے اسلام آباد تا کراچی پہلی کمرشل پرواز بھری۔

7 مہینے سے لانگ گراؤنڈنگ کا شکار بوئنگ 777 طیارہ بھی آپریشن میں شامل ہو گیا، طیارے نے کئی ماہ بعد پہلی پرواز آج صبح پی کے 300 کی حیثیت سے بھری، گزشتہ چندہ ماہ کے دوران یہ دوسرا بوئنگ 777 ہے جو آپریشن میں واپس آیا، تیسرا طیارہ بھی اگلے چند ہفتوں میں آپریشنل ہوجائے گا۔

پی آئی اے کے 14 ائیر بس اور 10 بوئنگ 777 سمیت کل 25 طیارے شیڈول کا حصہ ہوں گے، طیاروں کی فعالی سے پی آئی اے کا شیڈول ہموار ہو جائے گا۔

ترجمان پی آئی اے نے کہا ہے کہ کووڈ 19 کے بعد پی آئی اے کے فعال طیاروں کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے، ہوابازی کی صنعت مکمل طور پر بحالی کی طرف گامزن ہے۔