کوئٹہ سے اسلام آباد آنیوالی پرواز میں مسافر لڑ پڑے، تابڑ توڑ حملے

Published On 03 January,2023 10:02 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) کوئٹہ سے اسلام آباد آنے والی پرواز میں مسافر لڑ پڑے، دوران پرواز مسافروں نے تکرار کے بعد ایک دوسرے پر تابڑ توڑ حملے شروع کر دئیے۔

بتایا گیا ہے کہ پی آئی اے کی پرواز نمبر پی کے 326 کوئٹہ سے اسلام آباد آرہی تھی، مسافروں کے جھگڑے کی ویڈیو بھی سامنے آگئی، جھگڑے کے دوان دیگر مسافروں کو خود کو اور بچوں کو محفوظ رکھتے دیکھا جا سکتا ہے۔

پرواز میں جھگڑا کرنے والے دونوں مسافر افغان باشندے بتائے جاتے ہیں، پائلٹ کی جانب سے شکایت پر اے ایس ایف اہلکاروں نے دونوں افغان مسافروں کو تحویل میں لے لیا۔

ذرائع نے بتایا کہ دونوں مسافروں کو طیارے سے اتار کر دریافت کے لیے کنٹرول روم منتقل کر دیا گیا، ائیر لائن حکام کا وقوعہ بارے کہنا تھا کہ مسافروں نے طیارے میں جھگڑا کیا جنہیں سکیورٹی حکام کے حوالے کر دیا گیا۔