عمران خان پر سائفر غائب کرنے کا الزام بے بنیاد ہے: اسد عمر

Published On 02 October,2022 01:28 pm

کراچی: (دنیا نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری اسد عمر نے کہا ہے کہ عمران خان وزیراعظم ہاؤس سے صرف اپنی ڈائری اور پین لےکر گئے، سائفر کے غائب ہونے کا بے بنیاد الزام لگایا گیا، سازش کے تحت پی ٹی آئی حکومت کو ہٹایا گیا ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ عام آدمی کو اس بنیاد پر زندگی گزارنا پڑتی ہے کہ قانون کیا کہتا ہے، اپنی زندگی کیسے گزارنی ہے اور یہ قانون بدلتے ہیں لیکن یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ ہو کیا رہا ہے، حکمرانوں نے اپنے کیسز ختم کرانے کا ہدف پورا کرلیا، یہ اپنے مرضی کے مطابق قانون تبدیل کرتے ہیں، چار ماہ میں ملک معاشی طور پر تباہ ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان ڈائری اور پین لے کر بنی گالہ گیا لیکن دنیا کا دل لے کے چلا گیا اور جہاں بھی دیکھیں قوم عمران خان کے ساتھ ہے، حکومت کو نظر آرہا ہے وہ عمران خان کا مقابلہ نہیں کرسکتے، اسلام آباد پولیس کی پھرتیاں اتنی ہیں کہ 30،40 منٹ میں گرفتاری کا کہا۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ مراسلے پر 2 الزامات لگائے، ایک یہ کہ الزام کا مراسلہ وزیراعظم ہاؤس سے غائب ہوگیا، آپ نے قومی سلامتی کمیٹی کی میٹنگ بلائی تھی جہاں مراسلہ ہی تو زیر بحث تھا، آپ نے مراسلہ دیکھے بغیر میٹنگ کر دی وہ مراسلہ صدر کو بھیجا اور فارن آفس میں بھی تھا اور تمام دفاتر آپ کے پاس ہیں وہاں سے لے لیں۔