لاہور: (دنیا نیوز)مشیر اطلاعات حکومت پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ این آر او ٹو ملنے کے نشے میں پی ڈی ایم کو سیلاب زدگان بھی یاد نہیں رہے، پہلے بھی صرف فوٹو سیشن کے لئے سیلاب زدگان کے پاس شوباز حکومت والے گئے تھے۔
عمر سرفراز چیمہ نے اپنے بیان میں کہا کہ سیاسی میدان میں عمران خان کا مقابلہ کرتے ان کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں، ایڑی چوٹی کا زور لگا کر بھی بدترین مخالفین عمران خان پر گھڑی اور منرل واٹر کا الزام لگا سکے، شہباز زرداری حکومت کے بھونڈے الزامات ہی کپتان کی ایمانداری کا پتہ دے رہے ہیں۔
مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ملک و قوم کی ایک ایک پائی کی حفاظت کی، بیرون ممالک دورے ہوں یا اندرون ملک اخراجات عمران خان نے قوم کا ایک ایک پیسہ بچایا،عمران خان کی ساری توجہ ملک کی ترقی، عوامی ریلیف، خودی اور خود داری پر مرکوز رہی،عوامی خدمت کا جذبہ ہی تھا کہ پی ٹی آئی کے دور میں پٹرول 150 ، ڈالر 178 روپے کا تھا، بجلی کا یونٹ 16 روپے اور ملکی معیشت 5.9 فیصد کے حساب سے ترقی کررہی تھی۔