لاہور: (دنیا نیوز) بارشوں کا سبب بننے والا نیا سسٹم پاکستان میں داخل ہو گیا، عید کے دنوں میں کراچی، زیریں سندھ، پنجاب، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں جل تھل ایک ہونے کی پیش گوئی سامنے آ گئی۔
پی ڈی ایم اے نے بارشوں سے متعلق الرٹ جاری کر دیا، لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر مری جانے والوں کو احتیاط کی ہدایت کی گئی ہے۔ اُدھر کراچی میں بارش کے بعد مسائل جوں کے توں ہیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کے دعوے پانی میں بہہ گئے ، نمائش چورنگی پر بارش کے پانی میں ٹوٹی سڑک پر دو موٹرسائیکل سوار گر گئے ، انتظامیہ کی نااہلی کے سبب شہریوں کی عید خراب ہو گئی۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کہتے ہیں اس وقت شہر کی صورتحال خراب ہے، مرتضی وہاب وہاں جاتے ہیں جہاں پانی کی نکاسی ہوجاتی ہے، سیاسی ایڈمنسٹریٹرہمارے ٹیکس کے پیسوں سے لوگوں کی خرید وفروخت کررہے ہیں، ایک بارش نے سندھ حکومت کے دعووں کی قلعی کھول دی ہے، پی پی پی اور ایم کیو ایم نے پہلے کام کیا نہ اب کریں گے، الیکشن کے عملہ کو پیپلزپارٹی سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کررہی ہے۔