عید الاضحیٰ پرمزید مون سون بارشوں کی پیشگوئی

Published On 07 July,2022 06:40 pm

اسلام آباد: (فوزیہ علی)محکمہ موسمیات نے عید الاضحیٰ کے دوران مزید مون سون بارشوں کی پیشگوئی کر دی۔ جڑواں شہروں سمیت پنجاب اور خیبرپختونخواہ کے بالائی علاقوں میں بادل برسیں گے۔

محکمہ موسمیات نے موسلا دھار بارش کے باعث جڑواں شہروں کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا ہے، ویک اینڈ کے دوران شدت کے ساتھ مون سون ہوائیں ملک میں داخل ہوں گی۔ نو سے بارہ جولائی کے دوران اسلام آباد، کشمیر، سوات، مانسہرہ، پشاور،مردان، صوابی اور نوشہرہ میں بارش کا امکان ہے ۔ راولپنڈی، لاہور مری ، اٹک، چکوال، جہلم، سیالکوٹ، نارووال میں بھی بارش توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آٹھ اور نو جولائی کے دوران میر پور خاص ،دادو،کراچی، حیدر آباد، ٹھٹہ،بدین میں بارش متوقع ہے ۔ کوئٹہ، قلات، خضدار، لسبیلہ ، آواران، نصیر آباد، سبی،پنجگور اور تربت میں بارش ہو سکتی ہے۔عید کے دن راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور، فیصل آباد،لاہور، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خطرہ ہے۔ موسلا دھار بارش کے باعث راولپنڈی، اسلام آباد ،کشمیر، بولان ،قلات، خضدار اور لسبیلہ کے مقامی ندی نالیوں میں طغیانی کا خدشہ ہے جبکہ کشمیر،گلیات ، مری ،چلاس، دیامیر، گلگت،ہنزہ، استور اوراسکردومیں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے مسافروں اور سیاحوں کو اس دوران محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔