کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قوم کو اپنی مسلح افواج پر فخر ہے، ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کراچی میں موجود ہیں جہاں ان کا کراچی پہنچنے پر وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے استقبال کیا۔
کراچی کے دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے نیول اکیڈمی میں پاسنگ آؤٹ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی جہاں وزیراعظم نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔
نیول اکیڈمی میں پاسنگ اکیڈمی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کمیشن حاصل کرنیوالے کیڈٹس اور مڈشپ مین کے والدین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، خوشی ہے کہ آج کی کمشنگ پریڈ میں خواتین کیڈٹس بھی شامل ہیں، یقین ہے کہ خواتین کیڈٹس کی کمشنگ ملک کی دیگر خواتین کیلئے مشعل راہ ہو گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نیول اکیڈمی دوست ملکوں کے کیڈٹس کو بھی بہترین تربیت فراہم کر رہی ہے، دوست ملکوں کے یہ کیڈٹس پاکستان کے سفیر کے کردار کا کردار ادا کریں گے، کیڈٹس نے بھرپور محنت اور لگن سے مادر وطن کیلئے ذمہ داریاں انجام دینی ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملکی دفاع کو مضبوط بنانے میں قوم کو اپنی مسلح افواج پر فخر ہے، بحریہ کا تاریخی اعتبار سے ملک کے اسٹریٹیجک دفاع میں کلیدی کردار ہے، پاکستان جغرافیائی لحاظ سے ایک اسٹریٹجک مقام پر واقع ہے، قومی ترقی کے منصوبوں کو تیزی سے مکمل کرنا ہے، پاک بحریہ ملک کے سمندری تحفظ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ ایک مضبوط بحریہ کی پہلے سے کہیں زیادہ اب ضرورت ہے، پرامن بقائے باہمی اور ہمسایوں کیساتھ اچھے تعلقات پر یقین رکھتے ہیں، امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، پاکستان کی مسلح افواج ہر خطرے سےنمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، قائداعظم پاکستان کو دنیا کیلئے رول ماڈل کے طور پر چاہتے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ میرا یقین ہے کہ غلطیوں سے سبق سیکھ کرمحنت اور لگن سے اپنا مقام حاصل کر سکتے ہیں، پاک بحریہ کے دوست ملکوں کیساتھ مشترکہ منصوبے اس کی صلاحیت میں اضافے کا باعث بنیں گے، میری ٹائم مفادات کے تحفظ کیلئے بحریہ کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنا ہماری ترجیح ہے، حکومت پاک بحریہ کو تمام ضروری وسائل فراہم کریگی۔
وزیراعظم نے کہا کہ قومی ترقی کے منصوبوں کو تیزی سے مکمل کرنا ہوگا، گوادر کی بندرگاہ سی پیک میں اہم کردار ادا کرے گی، پاکستان کا مستقبل سی پیک کی کامیابی پر منحصر ہے۔
دوسری جانب وزیر اعظم اپنے دورے کے دوران ایم کیو ایم اور مسلم لیگ ن کے وفد سے ملاقات کریں گے۔
وزیر اعظم شہباز شریف سابق صدر آصف علی زرداری سے ان کی والدہ کی وفات پر تعزیت بھی کریں گے۔