اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے افغانستان کے قائمقام وزیراعظم ملا حسن اخوند سے ٹیلیفونک رابطے کے دوران کہا ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں افغان عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وزیر اعظم کا افغانستان کے قائم مقام وزیراعظم سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، اس موقع پر شہباز شریف نے 22 جون کو افغانستان میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور نقصان پر حکومت پاکستان اور عوام کی جانب سے گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے جاں بحق افراد کے لیے دعائے مغفرت کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں اپنے افغان بھائیوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہے۔
ٹیلیفونک رابطے کے دوران شہباز شریف نےافغانستان کو ہنگامی امداد فراہم کرنے کے لیے پاکستان کی جانب سے کی جانے والی امدادی کوششوں کے حوالے سے تفصیلات بتائیں، جن میں ہنگامی ادویات، خیموں، ترپالوں اور کمبلوں کی ترسیل شامل ہے۔
شہباز شریف نے افغان ہم منصب کو آگاہ کیا کہ غلام خان اور انگور اڈہ بارڈر کراسنگ پوائنٹس کو پاکستانی اسپتالوں میں علاج کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ آنے والے دنوں میں ہمسایہ ملک کی مدد جاری رکھیں گے۔
انہوں نے دونوں لوگوں کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات پر زور دیا اور پاکستان کی جانب سے سنگین انسانی صورتحال کا سامنا کرنے والے افغان عوام کو مدد فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیر اعظم نے موثر بارڈر مینجمنٹ کے ذریعے تجارت اور لوگوں کی نقل و حرکت کو آسان بنانے کے لیے حکومت کے اقدامات پر بھی افغان قائم مقام وزیراعظم ملا حسن اوند کو آگاہ کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان امن، ترقی اور خوشحالی کے مقصد کو فروغ دینے کے لیے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔