اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے سپریم کورٹ کے فیصلے پر نظرثانی کی اپیل دائر کر دی، پوری قوم کی نظریں عدالت کی طرف ہیں، مجھے امید ہے سپریم کورٹ جلد از جلد الیکشن کرانے میں کردار ادا کرے گی اور مراسلہ پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے گا۔
اسد قیصر نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہمیں عدالت عظمیٰ پر مکمل اعتماد ہے، عدالت عظمیٰ کا ہر فیصلہ تاریخ کا حصہ ہوگا، کیا آرٹیکل 5 آرٹیکل 95 سے بھاری ہے، خیبر سے سندھ تک سب متفق ہیں کہ یہ بیرونی سازش تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بار بار سلیکٹڈ حکومت کہا گیا، یہ لوگ آپس میں بھی متفق نہیں ہے، انہوں نے کہا مراسلہ میں نے خود پڑھا تھا، میں نے سپریم کورٹ کو اس سلسلے میں جوڈیشل کمیشن بنانے کی گزارش کی تھی۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ہماری کسی ملک سے کوئی دشمنی نہیں ہے، کسی ملک کو دوسرے ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت کی اجازت نہیں ہے، جو عالمی طریقہ کار ہے اس پر عملدرآمد کے خواہاں ہیں، سپریم کورٹ کے فیصلہ پر اعتراض تھا مگر اسے قبول کیا، جوڈیشل کمیشن تحقیقات کرے گا تو حقائق سامنے آ جائیں گے، بیرونی سازش پر اسپیکر کے عہدے سے استعفی دیا، قومی سلامتی کمیٹی نے اس معاملے کو تسلیم کیا، سپریم کورٹ کا جو بھی فیصلہ آیا اسے ہم نے قبول کیا۔