اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر نائب صدر اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ حقیقی آزادی مارچ میں لاکھوں لوگ اسلام آباد آنے کو تیار ہیں، یہ ایک ایسا احتجاج ہوگا جس کی مثال ایشیا میں نہیں ملے گی، سپریم کورٹ سے اپیل کرتے ہیں کہ اداروں کو تحفظ فراہم کریں۔
چیئرمین عمران خان کی زیرصدارت پی ٹی آئی مرکزی قائدین کا اہم اجلاس ہوا، جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ حکومت کے کشمیر کو نظرانداز کر کے بھارت کے ساتھ تجارتی معاملات آگے بڑھانے کے فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہیں، پاکستان تحریک انصاف کا کشمیر کے معاملے پر اصولی موقف ہے، جب تک بھارت کشمیر پر کیے گئے غیر قانونی اقدامات واپس نہیں لیتا ان سے کوئی روابط قائم نہیں کئے جا سکتے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کے بھارت کے ساتھ روابط بڑھانے کا معاملہ انتہائی تشویشناک ہے، سوشل میڈیا پر رپورٹ ہوا اسرائیل کا ایک ساتھ وفد پہنچا جس میں ایک پاکستانی بھی شامل تھا، اسرائیل کے ساتھ کسی قسم کے تعلقات پاکستانیوں کو منظور نہیں۔
ان کہنا تھا کہ کہا گیا کہ ایف آئی اے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے مقدمات واپس لینے کا ارادہ رکھتی ہے، مقدمات واپس لینے کے اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، عمران خان کی سکیورٹی واپس لے لی گئی اور ایک مجرمہ کو سکیورٹی فراہم کر دی گئی۔