ایبٹ آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ یہ لوگ جتنے مرضی کنٹینر کھڑے کردیں، 20 لاکھ سے زائد لوگ اسلام آباد پہنچیں گے۔
ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین نے خیبرپختونخوا کے ضلع ایبٹ آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ پرتپاک استقبال پر کارکنوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، میں آپ لوگوں کے پاس ایک خاص مقصد کیلئےآیا ہوں، 20 لاکھ سے زائد لوگ اسلام آباد آئیں گے، آج مخالفین لوگوں کا یہ جم غفیر دیکھ لیں، لوگ کبھی بھی امپورٹڈ حکومت کو تسلیم کرنے کو تیارنہیں۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا سے صرف ایک لوٹا نکلا، ابھی تک اس نے پشاور آنے کی جرات نہیں کی، جدھر بھی لوٹے جائیں گے ضمیرفروش اور غدار کے نعرے لگیں گے، بڑے لوگ تو چھوڑیں اب سکول کے بچوں کو بھی پتہ ہے کہ لوٹا کیا ہے؟ یہاں میر جعفر اور میر صادق ساز ش کا حصہ بنے، ایک منتخب حکومت کوسازش کےتحت ہٹایا گیا۔
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ میر صادق نے ٹیپو سلطان کیساتھ غداری کی اور میسور انگریزوں کی غلامی میں چلا گیا، ہماری پالیسی یہ ہونی چاہیے اپنے لوگوں کو کسی کیلئے قربان نہ کریں، امریکی جنگ میں 80 ہزار پاکستانی شہید ہوئے، اربوں ڈالرز کا نقصان ہوا، میں نےہمیشہ امریکی جنگ کی مخالفت کی، روس اس لیے گیا کہ پاکستان میں تیل اور ڈیزل سستا ملے، اپنےملک کے مفاد کو کبھی امریکا کیلئے قربان نہیں کروں گا، امریکاکو مشرف جیسا سربراہ چاہیے جو ایک فون کال پر چاروں شانے چت ہو جائے۔ امریکا نے ایران میں حکومت بدلنے کی کوشش کی، حکومت بدلنے کیلئے سب سے پر پیسہ لگایا گیا، یہاں کبھی ڈیزل اور کبھی بلاول لانگ مارچ کرنے کا کہہ رہا ہے، پاکستان میں بھی پیسہ چلایا گیا، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بننے والے باپ بیٹے پراربوں کے کرپشن کیسز ہیں، ایک چپڑاسی کےاکاؤنٹ سےکروڑوں روپےنکلے، ان کیخلاف تفتیش کرنے والے ایف آئی اے افسران کو نکال دیا گیا، جو کچھ ہو رہاہےکیا یہ کسی جمہوریت میں ہو سکتا ہے، شہبازفیملی پر40ارب روپےکےکیسز ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے کہا ہم بھکاری ہیں ،ہمیں امریکاکی غلامی کرنی چاہیے۔ میں انہیں کہنا چاہتا ہوں بھکاری آپ ہوں گے قوم نہیں، بڑے لوگ تو چھوڑیں اب اسکول کےبچوں کو بھی پتہ ہے لوٹا کیا ہوتا ہے؟ ہم صرف اللہ سےڈرتےہیں،کسی سپرپاور کو نہیں مانتے۔ ہمارےنبی ﷺ نےفرمایااسلام مسلمانوں کوغیرت دیتاہے، میں نے کسی کو شریف خاندان کی طرح جھوٹ بولتے نہیں دیکھا۔
شیخ رشید
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آگ بہت دور تک جا پہنچی ہے پاکستان کو بچانا ہے تو الیکشن کروانا ہے ۔
ایبٹ آباد میں تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ چور اور لٹیرے وزیراعظم بن گئے ہیں جن کو خلیجی ممالک میں بھی عزت نہیں مل کیوں کہ جو وزیر اعظم بنا اس پر کرپشن کے کیسز ہیں اور ڈیزل ملک کا صدر بننا چاہتا ہے ، شانگلہ میں ایک شخص کہہ رہا تھا کہ کپڑے بیچ دوں گا ، کل مریم نے سابق ڈی جی آئی ایس کا نام لیا؟ میں حالات سے باخبر ہوں اور یہ آگ بہت دور تک جا پہنچی ہے تاہم اس آگ کو میں سمجھتا اور جانتا ہوں۔
شیخ رشید نے کہا کہ میں نے ہری پور میں ایک سال جیل کاٹی ہے اور مجھ پر مقدمہ بنا لیں میں ان سے نہیں گھبراتا لیکن اگر پاکستان کو بچانا ہے تو الیکشن کروانا ہے ، آصف زرداری کے علاوہ ساری پارٹیاں الیکشن کے لیے تیار ہیں ، عمران خان کی کال پر اسلام آباد کے لیے نکلیں، یہ پاکستان کی زندگی اور موت کی تحریک ہے کیوںکہ عمران خان کو غیر ملکی سازش کا نشانہ بنایا گیا ، مجھے اور عمران خان کو 4 ماہ پہلے سے پتا تھا کہ باپ کا باپ کون ہے۔