اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئر مین تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اداروں کی توہین کے الزامات کا جواب کل جہلم جلسے میں دوں گا، نواز شریف، مریم نواز فوج پر حملے کرتے ہیں اور ہم پر الزام لگائے جا رہے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت میں پارٹی رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئر مین نے کہا کہ قوم تگڑی لیکن اوپرکرپٹ، بزدل،غداربیٹھے ہیں، اللہ نے ایکدم قوم کو جگادیا ہے، عوام غیرت مند اور دلیرہے، جو وقت کی اہمیت نہیں سمجھتا وہ کبھی کامیاب نہیں ہوتا، کبھی پاکستان کی تاریخ میں ایسا جذبہ جنون نہیں دیکھا۔
انہوں نے کہا کہ اگر اوور سیز پاکستانی 32 ارب ڈالر نہ بھیجیں تو حالات برے ہوں، اوورسیز پاکستانی ملک میں پیسہ بھیجتے ہیں تو چور، ڈاکو، غدار بیرون ملک بھیج دیتے ہیں، 3 دفعہ وزیراعظم رہنے والا لندن کے مہنگے فلیٹ میں رہتا ہے، اربوں روپے کی پراپرٹی کا جواب نہیں دے سکے، یہ اس ملک کے غدار ہیں، حکومت نے مجھے گرفتار کرنے کی منصوبہ بندی بنائی ہے، اتنا کہہ دوں جو بھی کریں گے ان کا اپنا ہی نقصان کریں گے۔
عمران خان نے کہا ہے کہ لوگوں میں بیداری آگئی ہے ایسا ماحول نہیں دیکھا، سعودی عرب کے شہر مکہ، مدینہ میں شہریارآفریدی کا لوگوں نے استقبال کیا، ہم تو شب دعا منا رہے تھے ہمیں تو بعد میں مقدمات کا پتا چلا، رانا ثناء اللہ جیسے قاتل کو وزیرداخلہ بنادیا گیا، ان کوچیلنج کرتا ہوں یہ دنیا میں کہیں بھی چلے جائیں ان کے خلاف غدار اور چورکے نعرے لگیں گے، ہم ان چوروں کی اسمبلی کو نہیں مانتے، ان کا سارا کچھ فراڈ، ہمیں انہیں اسمبلی میں جواب دینے کی ضرورت نہیں، ہمارا ایک ہی مطالبہ الیکشن ہے، 20 مئی کے بعد اسلام آباد کی کال دوں گا، جو اسلام آباد نہیں آسکے گا وہ اپنے علاقوں میں باہرنکلیں گے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ملکی تاریخ کا بیرونی خسارہ ہماری حکومت کو ملا تھا، شہبازشریف نے آج ڈرامہ کیا، سارا خاندان ہی جھوٹا ہے، بھارت میں کورونا کے دوران 55 لاکھ مرے، عالمی اداروں نے ہماری حکومت کی معاشی بہتری کا اعتراف کیا، کرائم منسٹر شہباز شریف نے ڈونلڈ لو کے ساتھ ملکر ملک کے ساتھ غداری کی، آکرڈرامے کرتا ہے بڑے مشکل حالات میں ملک ملا، سارے کریمنلز، قاتل اقتدار میں آکر بیٹھ گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف نے بڑا ڈرامہ کیا، کہتا ہے میں فوج کو بچارہا ہوں، بڑا بھائی باہر جا کر فوج پر الزام لگاتا ہے، نوازشریف، مریم نواز فوج پرحملے کرتے ہیں اور ہم پر الزام لگائے جا رہے ہیں، فوج سے متعلق میں کل جہلم جلسے میں جواب دوں گا۔ میر جعفر اور میر صادق سے متعلق میں نے کوئی نئی بات نہیں کی، شہباز شریف اور اس کا بھائی نواز شریف میر جعفر اور میر صادق ہیں۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ان کے اقتدارمیں آنے پرسب سے زیادہ بھارت میں خوشی منائی گئی، نوازشریف جب اقتدارمیں توچوں، چوں جب بیرون ملک گیا تو فوج کے خلاف باتیں کرتا ہے، شرم آنی چاہیے، میرا جینا مرنا پاکستان میں ہے، تمہاری طرح دم دبا کرلندن نہیں بھاگنا، یہ وہ لوگ ہیں جوملک کے غدار ہیں، سیاست نہیں کر رہا ان کے خلاف جہاد کررہا ہوں، اب گیم سیاست سے اوپرچلی گئی ہے۔
پی ٹی آئی کی رکنیت سازی مہم کے حوالےسے ایپ کا آغاز
اس سے قبل سابق وزیر اعظم اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے ملک بھر میں تحریک انصاف کی رکنیت سازی مہم کے حوالے سے ایپ کا آغاز کردیا ہے۔
اسلام آباد میں پارٹی کی رابطہ ایپ کی تعارفی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہاں موروثی سیاست چل رہی ہے باپ وزیراعظم اور بیٹاوزیراعلیٰ بن گیا اور رشتے داروں کو دیگر عہدوں پر بٹھادیں جیسے کہ ان کے خاندان کے سوا کسی اور شخص میں کوئی صلاحیت نہیں ہے۔ چاہتا ہوں کہ نوجوان نسل پاکستان تحریک انصاف کی ممبر بنے۔ میں چاہتا ہوں کہ تحریک انصاف وہ پارٹی بنے جس میں میرٹ ہو، میں پی ٹی آئی کو ایسی پارٹی بنانا چاہتا ہوں جو ہمارے جانے کے بعد بھی بطور ایک ادارہ چلتی رہے۔
ان کا کہنا تھا ایسی پارٹی بنانے کے لیے سب سے اہم چیز میرٹ ہے، دنیا میں جس ملک نے بھی ترقی کی ہے اس نے میرٹ کی بنیاد پر ترقی کی ہے، میرٹ کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کرسکتا۔
ان کا کہنا تھا دنیا میں جمہوریت کی ترقی اور بادشاہت کے زوال کی وجہ یہ ہی میرٹ کا نظام ہے کیونکہ جتنی زیادہ میرٹ ہو اتنی ہی زیادہ جمہوریت ہوتی ہے جبکہ بادشاہت میرٹ کی بنیاد پر نہیں بلکہ رشتے داریوں کی بنیاد پر ہوتی ہے اس لیے وہ دنیا میں پیچھے ہے۔
سابق وزیرا عظم کا کہنا تھاکہ چین بھی اپنےمیرٹ کی وجہ سے آگے بڑھا ہے کیونکہ ان کے پاس دنیا کا بہترین نظام موجود ہے جو میرٹ پر لوگوں کو اوپر لے کر آتا ہے۔ چاہتا ہوں کہ نوجوان نسل پاکستان تحریک انصاف کی ممبر بنے، پی ٹی آئی رابطہ ایپ کے ذریعے آپ سب ممبرز بنیں۔ پوری ٹیم نے بڑی محنت سے ایپ بنائی ہے، جب ایپ لانچ کرینگے تو ایک دم لوڈ پڑے گا مسئلے بھی آئیں گے، پہلے نمبر پر ممبر شپ پھر تحریک انصاف کو ادارہ بنانے کی کوشش کریں گے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ 2018میں بھی مشکل تھا، 800ٹکٹس دیےتھے، ہم نے کئی جگہ غلط ٹکٹ دے کر اپنا نقصان کرایا، لیکن اب ہم ماڈرن ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ ہمارے پاس ہر قسم کا ڈیٹا آجائے گا، الیکشن کمیشن، امیدوارکی ویری فکیشن کا بھی ڈیٹا آجائے گا، جب ہم انتخابی ٹکٹس دینگے تو اس سلسلے میں بھی فائدہ ہوگا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ زندہ قوم وہی ہوتی ہے جو خوددار ہوتی ہے، جو سیاسی طور پر باشعور ہوتی ہے، سب سے بڑا مسئلہ اس وقت ہوتا ہے جب قوم نیوٹرل ہوجاتی ہے، کیونکہ قوم جب نیوٹرل ہوجاتی ہے تو وہ تیترہوتی ہے نہ بٹیر، جذبہ ختم ہوجاتا ہے۔ جب قوم سیاسی طور پر باشعور ہوجاتی ہے تو وہ اپنے جمہوری حقوق کے لیے کھڑی ہوتی ہے،انصاف اور اپنے مسائل کے لیے کھڑی ہوتی ہے، اپنی خودداری کے لیے اور امپورٹڈ حکموت نا منظور کے لیے کھڑی ہوتی ہے۔
سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آج خودداری کی وجہ سے قوم جاگ اٹھی ہے، پوری دنیا میں تحریک انصاف کو پذیرائی مل رہی ہے، یہ بہت اچھا وقت ہے اور یہ ملک کے لیے خوش آئندہ ہے۔ پی ٹی آئی رابطہ ایپ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے بھی ہے، اوورسیز پاکستانی ہمیشہ سے پاکستان کا اثاثہ ہیں لیکن موجودہ حکومت کوشش کررہی ہے کہ اوورسیز کسی طرح ووٹ نہ دیں۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی کی جانب سے بھیجے جانی والی ترسیلات زر کے ذریعے ملک چل رہا ہے مگر انہیں ووٹ ڈالنے کےحق سے محروم رکھنے کی کوشش کی جار ہی ہے۔