لاہور: (دنیا نیوز) وزیر قانون راجہ بشارت نے پی ایس ایل کے لاہور میں ہونے والے میچز میں مقامی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کی نقل و حرکت بلٹ پروف گاڑیوں میں ہوگی، طے شدہ پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
وزیر قانون راجہ بشارت کی زیر صدارت قذافی سٹیڈیم میں اعلی سطحی اجلاس ہوا، جس میں پی ایس ایل سکیورٹی کا جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکرٹری، آئی جی نے اجلاس میں شرکت کی۔ کمشنر اور سی سی پی او لاہور نے سکیورٹی پلان پر اجلاس کے شرکت کو بریفنگ دی۔
راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ طے شدہ سیکیورٹی پلان پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمد یقینی بنایا جائے، وزیر قانون نے روٹ پر خراب کیمرے فوری تبدیل کر کے نئے لگانے کی ہدایت جاری کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اہل لاہور ماضی کی طرح مہمانوں کو خندہ پیشانی سے خوش آمدید کہیں، شہری کھیلوں کی بحالی کیلئے حکومتی انتظامات میں تعاون کریں۔
چیف سیکرٹری پنجاب کامران افضل کا کہنا تھا کہ پارکنگ ایریاز کے بارے میں میڈیا پر تشہیری مہم چلائی جائے۔ آئی جی کا کہنا تھا کہ اتوار کو تمام ادارے مشترکہ فرضی مشق کریں گے۔