اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت سنبھالنے کے بعد کرپشن کے خاتمے کا وعدہ پہلے 90 دن میں پورا کردیا تھا۔
وزیر اعظم عمران خان کی صدارت میں حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل رپورٹ، صحت کارڈ اور لیگی صدر شہباز شریف کیخلاف کیسز پر گفتگو کی گئی۔ وزیراطلاعات فواد چودھری نے ٹرانسپرنسی رپورٹ کے حوالے سے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رپورٹ میں مالی کرپشن کا کوئی ذکر نہیں ہے، صرف قانون کی حکمرانی سے متعلق معاملات کو ہائی لائٹ کیا گیا ہے۔
اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خاتمے کا وعدہ پہلے 90 دن میں پورا کردیا تھا، موجودہ دور حکومت میں کوئی مالی سکینڈل سامنے نہیں آیا، سابقہ ادوار میں پانامہ جیسے بڑے بڑے سکینڈل سامنے آتے رہے۔
وزیراعظم نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کے کرپشن کیسز اور منی لانڈرنگ کے معاملات کو مزید اجاگر کیا جائے، عوام کو بتایا جائے شریف خاندان نے کس طرح چپڑاسییوں اور کلرکوں کے نام پر منی لانڈرنگ کی۔
انہوں نے ترجمانوں کو صحت کارڈ جیسی بڑی سہولت بارے عوام کو آگاہ کرنے کی ہدایت کی گئی عوام کو بہترین معاشی اشارے بارے آگاہ کیا جائے، بین الاقوامی اداروں کی معیشت بارے رپورٹوں کو بھی بتایا جائے، کوئی بڑا واقعہ رونما نہ ہوا تو معیشت مزید بہتر ہو گی۔
وزیراعظم ہاؤس میں اجلاس، آرمی چیف، ڈی جی آئی ایس آئی کی شرکت
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وزیراعظم ہاؤس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم، وفاقی وزرا اسد عمر، شاہ محمود قریشی اور فواد چودھری نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق اعلیٰ عسکری اور سول قیادت نے مختلف امور پر مشاورت کی، جب کہ سیکیورٹی اور خطے کی صورتحال پربھی بات چیت کی گئی۔
وزیراعظم عمران خان کی آرمی چیف سے ملاقات
اُدھر وزیراعظم ہاؤس کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کے درمیان ملاقات ہوئی۔ ملاقات کے دوران پاک فوج سے متعلق پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔