اسلام آباد: (دنیا نیوز) شہزاد اکبر کے مستعفی ہونے کے بعد بریگیڈیئر (ر) مصدق عباسی کو مشیر برائے داخلہ و احتساب مقرر کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے سابق مشیر برائے داخلہ شہزاد اکبر کی جگہ نئے ناموں کے لیے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے مشاورت کی گئی۔
بریگیڈئر (ر) مصدق عباسی کو مشیر داخلہ و احتساب مقرر کردیا گیا ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے، یہ نوٹیفکیشن وزیراعظم عمران خان کی منظوری کے بعد جاری کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ بریگیڈیئر (ر) مصدق عباسی سابق ڈی جی نیب رہے ہیں۔
مصدق عباسی کون ہیں؟
بریگیڈیئر (ر) مصدق عباسی کا تعلق ایبٹ آباد کی تحصیل بیروٹ سے ہے اور ان کا خاندان ایک مڈل کلاس خاندان ہے۔ والد محمد صادق عباسی اپنے علاقے کی معروف سیاسی شخصیت تھے جو قیام پاکستان سے قبل علامہ عنایت اللہ مشرقی کی احرار الاسلام تحریک سے وابستہ رہے۔
بریگیڈیئر (ریٹائرڈ) مصدق عباسی نے ابتدائی تعلیم ہائی سکول اوسیاہ مری سے حاصل کی، 70 کی دہائی میں پاک آرمی میں کمیشن حاصل کیا، پاک فوج میں اہم پیشہ ورانہ ذمہ داریاں سرانجام دینے کے بعد بریگیڈیئر کے عہدے سے ریٹائر ہوئے۔ رینجرز میں بھی خدمات سرانجام دیں، 2010ء میں نیب میں بطور ڈائریکٹرجنرل تعینات ہوئے، 4 سال تک نیب کے ملک بھر کے ریجنل بیوروز میں خدمات سرانجام دیں۔
شہزاد اکبر مستعفی
واضح رہے کہ مشیر احتساب شہزاد اکبر کے استعفے کی وجہ وزیر اعظم کی ناراضگی تھی، کچھ روز قبل وزیر اعظم عمران خان نے شہزاد اکبر سے عدالتوں میں مقدمات کی تفصیلات مانگی تھی، جس کے بعد وزیر اعظم ان سے ناراض ہوگئے تھے۔
ذرائع کے مطابق شہزاد اکبر نے جو تفصیلات وزیر اعظم کو دی وہ نا مکمل تھیں اور وزیراعظم کو دی جانے والی بریفنگ اور دستاویزات میں واضح فرق پایا گیا تھا۔
یاد رہے کہ 24 جنوری کو سابق مشیر برائے احتساب اور داخلہ مرزا شہزاد اکبر نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا تھا۔
I have tendered my resignation today to PM as Advisor. I sincerely hope the process of accountability continues under leadership of PM IK as per PTI’s manifesto. I will remain associated with party n keep contributing as member of legal fraternity.
— Mirza Shahzad Akbar (@ShazadAkbar) January 24, 2022
شہزاد اکبر کی جانب سے استعفیٰ دینے کا یہ اعلان پیر کے روز ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کیا گیا۔
ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا کہ میں نے وزیراعظم کے مشیر کی حیثیت سے استعفیٰ دے دیا۔ میں مخلصانہ امید رکھتا ہوں کہ احتساب کا عمل وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کے منشور کے مطابق جاری رہے گا۔ وہ پارٹی کے ساتھ منسلک رہیں گے اور بحیثیت قانون دان اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
یونیورسٹی آف لندن کے گریجویٹ اور پیشے کے لحاظ سے قانون دان شہزاد اکبر اگست 2020 سے وزیراعظم عمران خان کی کابینہ میں مشیر کی حیثیت سے کام کر رہے تھے، اس سے قبل وہ معاون خصوصی کے عہدے پر فائز رہے تھے۔ انہوں نے پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے بنائے گئے ’ایسٹ ریکوری یونٹ‘ کے سربراہ کے طور پر کام کیا۔
حکومت کا حصہ بننے سے بیرسٹر شہزاد اکبر، قومی احتساب بیورو (نیب) کے ڈپٹی پروسیکیوٹر کی حیثیت سے بھی کام کرتے رہے ہیں۔