اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے کہا ہے کہ ملک کا پیسہ لوٹنے والے علاج کیلئے بیرون ملک چلے جاتے ہیں، سارا خاندان علاج کیلئے باہر بیٹھا ہے، ہر فیملی کے پاس دس لاکھ کے علاج کی سہولت احسن اقدام ہے۔
نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کے اجرا کی تقریب سے وزیراعظم عمران نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر خاندان کے پاس 10 لاکھ روپے کا صحت کارڈ ہوگا، صحت کارڈ سے پرائیویٹ اسپتالوں سے بھی علاج کرایا جاسکتا ہے، امیر ممالک میں ہیلتھ انشورنس کیلئے پریمیم دینا پڑتا ہے، میں نے برطانیہ کا سب سے اچھا نیشنل ہیلتھ سسٹم دیکھا ہے، ہمارا ہیلتھ کارڈ سسٹم اس سے بھی آگے نکل گیا ہے، پاکستان میں سرکاری اسپتالوں کا معیار گرتا گیا، میانوالی جیسے علاقے سے لوگوں کو راولپنڈی علاج کی غرض سے آنا پڑتا تھا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پیسہ نہ ہونے سے غریب کو علاج کرانے میں دشواریوں کا سامنا تھا، کہتے ہیں ایشین ٹائیگر بن جائیں گے مگر کسی نے اس وژن پر سوچا ہی نہیں، پیسہ نہ ہونے سے غریب کو علاج کرانے میں دشواریوں کا سامنا تھا، ہم نے کبھی فلاحی ریاست کی کوشش ہی نہیں کی، ہیلتھ انشورنس پر 450 ارب روپے خرچ کیے جا رہے ہیں، پنجاب حکومت نے جو اقدام کیا اس کے لیے حوصلہ چاہیئے۔