خیبر پختونخوا کے عوام نے تحریک انصاف کو مسترد کردیا:شہباز شریف

Published On 21 December,2021 05:52 pm

لاہور:(دنیا نیوز)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے بلدیاتی الیکشن میں کامیابی پر مولانا فضل الرحمان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے تحریک انصاف کو مسترد کردیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ خیبرپختونخوامیں بلدیاتی انتخابات کےپہلےمرحلےمیں کامیابی پرمولانا فضل الرحمان کو مبارکباد دیتا ہو، تبدیلی سرکار کی شکست کمر توڑ مہنگائی اور گورننس کے فقدان پر عوام کا شدید رد عمل ہے۔

اپوزیشن لیڈر کا مزید کہنا تھا کہ یہ اس تجربے کے خاتمے کا آغاز ہے جو ملک اور عوام کو بد قسمتی سے بہت مہنگا پڑا ہے۔

اس سے قبل مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا ٹکٹ رسوائی کا ٹکٹ بن چکا، خیبرپختونخوا میں انہیں عبرتناک شکست ہوئی۔

قبل ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر سماعت ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز عدالت پیش ہوئیں، نیب نے مریم نواز کی اپیل پر سماعت بغیر کارروائی ملتوی کرنے کی استدعا کی۔ نیب پراسیکیوٹر نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ انہیں بخار ہے ، ڈاکٹر نے قرنطینہ کا مشورہ دیا ہے۔ اپیلوں پر سماعت آئندہ کسی بھی تاریخ تک ملتوی کی جائے۔ فاضل عدالت نے نیب پراسکیوٹر کی درخواست منظور کر تے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ کے پی بلدیاتی الیکشن میں کامیابی پر مولانافضل الرحمان کو مبارکبادپیش کرتی ہوں، جے یو آئی کی جیت پرلگا یہ ہماری فتح ہے۔ اپنی جماعت کوکہوں گی خیبر پختونخوا پر پوری توجہ دی جائے، پی ٹی آئی کوخیبر پختونخوامیں شرمناک شکست ہوئی، نااہلی اور نالائقی کے ریکارڈ توڑے ہوں تو ناکامی ہی ہو گی۔

انہوں نے پی ٹی آئی رہنماوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ خیبر پختونخوا کو اپنا گھر کہتےتھے، آئندہ الیکشن میں پی ٹی آئی کا ٹکٹ لینے والا کوئی نہیں ہوگا۔ اس پارٹی کے امیدواراب ہیلمٹ پہن کرعوام میں جائیں، پی ٹی آئی کا ٹکٹ رسوائی کا نشان بن گیا۔ ابھی وقت ہےعمران خان عوام کی جان چھوڑ دیں۔ 

Advertisement