لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کابینہ نے گریڈ ایک سے 19 تک کے سرکاری ملازمین کیلئے سپیشل 25 فیصد الاؤنس کی منظوری دے دی۔
وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس میں سرکاری ملازمین کیلئے الاؤنس کی منظوری دی گئی۔ فیصلے سے 7 لاکھ 21 ہزار سے زائد سرکاری ملازمین مستفید ہوں گے۔
پنجاب کابینہ کا اجلاس تاحال جاری ہے جس میں کورونا ویکیسن خریدای کا معاملہ منظوری کے لئے پیش ہوگا۔ یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام کے تحت پنجاب بھر کی آباد ی کو ہیلتھ کارڈ کا اجرا بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔ پنجاب بورڈ آف ریونیو ایکٹ 1957 اور سٹمپ ایکٹ 1899 میں ترامیم بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔
چیئرمین روڈا کی تقرری، ڈی جی پنجاب فرانزیک ایجنسی کی ملازمت میں توسیع کی منظوری، پنجاب آرمز رولز 2017 میں ترمیم، پیمکو بورڈ آف ڈائریکٹرز کی نامزدگی بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔ پنجاب فنانس ایکٹ 2014 میں ترمیم کی بھی کابینہ سے منظوری حاصل کی جائے گی۔