لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے کے عوام کو ان کی دہلیز پر سہولتیں دینے کیلئے 'خدمت آپ کی دہلیز پر' پروگرام کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔
عثمان بزار کا کہنا تھا کہ خدمت آپ کی دہلیز پر عوام کی خدمت کیلئے شاندار پروگرام ہے، اس پروگرام سے نچلی سطح پر سروس ڈلیوری میں بہتری آئے گی، عوام کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولتیں ملیں گی، یہ صرف ایک پروگرام نہیں بلکہ گورننس کا منفرد ماڈل ہے جس سے صوبے کی عوام کا فائدہ ہوگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ خدمت آپ کی دہلیز پر پروگرام ابتدائی طور پر 3 ہفتوں پر مشتمل ہوگا، پہلے ہفتے میں گلیوں، بازاروں اور محلوں کو صاف کیا جائے گا، سڑکوں کے کناروں سے تعمیراتی مٹیریل اٹھایا جائے گا، درختوں اور کھمبوں سے لٹکے ہوئے بینرز اور وال چاکنگ ختم کی جائے گی، خراب سٹریٹ لائٹس کو ٹھیک کیا جائے گا، دوسرے ہفتے میں فراہمی و نکاسی آب کی سہولتوں میں بہتری لانے پر توجہ دی جائے گی۔
واضح رہے وزیراعلیٰ آفس میں خدمت آپ کی دہلیز پر پروگرام کی افتتاحی تقریب ہوئی۔ عثمان بزدار نے خدمت ایپلی کیشن کا بھی افتتاح کیا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری، کمشنر لاہور ڈویژن اور سیکرٹری بلدیات نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو خدمت آپ کی دہلیز پر پروگرام کے اہم خد و خال کے بارے میں بریفنگ دی۔