لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کے عوام کے لئے ترقی کے راستے کھل چکے ہیں، سازشی عناصر تنقید کرتے رہ جائیں گے اور پنجاب آگے بڑھتا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے چیف وہیپ قومی اسمبلی ملک عامر ڈوگر نے ملاقات کی، پی ٹی آئی ایم این اے نے ملتان میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا سنگ بنیاد رکھنے اور ملتان ڈویلپمنٹ پیکیج پر عثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ آئندہ مالی سال سے جنوبی پنجاب کیلئے علیحدہ سالانہ ترقیاتی پروگرام ترتیب دیا جائے گا، سالانہ ترقیاتی پروگرام کے فنڈز کو کسی اور مقصد یا کسی اور شہر منتقل نہیں کیا جا سکے گا، ملتان کے بعد بہاولپور میں بھی جلد سیکرٹریٹ کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں تعینات افسروں کو مالی اور انتظامی خود مختاری دی ہے۔
ایم این اے عامر ڈوگر نے کہا کہ جنوبی پنجاب کو آپ نے نئی شناخت دی ہے، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا سنگ بنیاد رکھنا ایک تاریخی کارنامہ ہے، وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا سنگ بنیاد رکھ کرعام انتخابات میں ملے مینڈیٹ کا حق ادا کیا ہے۔