کورونا کیسز بڑھنے پر اردوان نے ترکی میں مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا

Published On 27 April,2021 05:25 pm

استنبول: (ویب ڈیسک) ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے بعد ترک صدر رجب طیب اردوان نے مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔

ترک صدر نے وبا کے باعث اموات میں اضافہ پر ملک بھر میں 17 مئی تک لاک ڈاؤن لگانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس دوران تمام سکول بند رہیں گے جبکہ بین الصوبائی آمدورفت حکومت کی اجازت سے مشروط ہوگی، پبلک ٹرانسپورٹ میں بھی صرف محدود حد تک افراد بیٹھ سکیں گے۔

لاک ڈاؤن کے دوران تمام افراد گھروں میں رہنے کے پابند ہیں تاہم صرف علاج یا دوائی لینے کے لیے گھر سے باہر نکلنے کی اجازت ہوگی، اس کے علاوہ ایسے افراد جن کا تعلق میڈیسن، ایمرجنسی سروس اور اشیائے خورونوش کے محکموں سے ہے پابندیوں سے مستثنیٰ ہیں۔

ترک صدر کا کہنا تھا کہ ایک ایسے وقت میں جب یورپ میں تمام پابندیاں ہٹائی جارہی ہیں، ہمیں بھی تیزی سے کیسز پر قابو پانا ہوگا اور اس تعداد کو 5ہزار سے کم پر لانا ہوگا، ورنہ ہمیں بھاری نقصان اٹھانا پڑے گا۔