اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قومیں وسائل کی کمی سے نہیں، کرپشن سے تباہ ہوتی ہیں، طاقتور کو قانون کے تابع لانا ہماری جدوجہد کا مقصد ہے، مافیا کیخلاف جنگ ضرور جیتیں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے تحریک انصاف کے یوم تاسیس پر پیغام میں کہا ہے کہ 25 سال پہلے سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کیا تھا، پارٹی کے قیام کا مقصد ملک کو کرپشن سے پاک کرنا تھا۔
وزیراعظم نے کہا کہ قوم وسائل کی کمی سے نہیں بلکہ کرپشن سے تباہ ہوتی ہے۔ طاقتور لوگ کرپشن کرکے ملک کو تباہ کرتے ہیں۔ ہماری جدوجہد کا مقصد طاقتور کو قانون کے نیچے لانا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پندرہ سال ہماری جدوجہد کا پہلا فیز رہا پھر آہستہ آہستہ نوجوان میرے ساتھ پھر سیاست دان پارٹی میں شامل ہوئے۔ 30 اکتوبر 2011ء کو مینار پاکستان پر لوگ میرے ساتھ نکلے۔ 2013ء کے الیکشن میں دھاندلی کی گئی۔ چار حلقے کھلوانے کے لیے 125 دن کا دھرنا دیا۔ بدقسمتی سے اس وقت الیکشن ریفارمز کے لیے کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔ ہم الیکٹرانک ووٹنگ مشین لا رہے ہیں جو بھی ہارے گا، شکست کو تسلیم کرے گا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ کرکٹ کی گراؤنڈ میں سیکھا کبھی ہار نہیں ماننی۔ کامیاب انسان وہ ہوتا ہے جو خواب دیکھے اور اسے پورا کرے۔ میرے سامنے نبی ﷺ کی زندگی تھی، ان سے بہت کچھ سیکھا۔ جدوجہد سے کبھی گھبرانا نہیں چاہیے۔ ہمارے نبی ﷺ نے پہلے 13 سال تیاری کی اور پھر دنیا کی تاریخ بدل دی۔
انہوں نے بتایا کہ جب اقتدار سنبھالا تو اندرونی اور بیرونی ریکارڈ خسارے ملے۔ پچھلے دس سالوں میں پاکستان کے چار گنا قرضے بڑھے۔ پاکستان کو بڑی مشکل سے ڈیفالٹ ہونے سے بچایا۔
وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب، یو ای اے اور چین نے ہماری بڑی مدد کی ورنہ ڈیفالٹ کر جاتے۔ ڈھائی سال میں کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ہو چکا ہے۔ کنسٹریکشن سیکٹر میں تیزی سے ترقی آ رہی ہے۔ آج پاکستان آگے بڑھ رہا ہے۔ ہمارے دور میں پہلی دفعہ کسان خوشحال ہو رہے ہیں۔
اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ ہم نے فلاحی ریاست کے لیے وہ کام کیا جو کسی حکومت نے نہیں کیا۔ خیبر پختونخوا اور پنجاب میں ہیلتھ کارڈ سے پورا سسٹم بدل جائے گا۔ کوئی بھوکا نہ سوئے پروگرام کے تحت غریب کو کھانا ملے گا۔ پہلی دفعہ کمزور طبقے کے لیے گھر بنائے جا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ لاہور اور کراچی میں دو نئے شہر بنا رہے ہیں۔ پرائیویٹ سیکٹر انویسٹمنٹ کرے گا تو کنسٹریکشن انڈسٹری اٹھے گی۔ دو نئے شہر بننے سے پاکستان کی دولت میں اضافہ ہوگا۔ پچاس سال بعد دو بڑے ڈیمز بنا رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ خوشحال ملکوں میں قانون کی بالا دستی ہے۔ مدینہ کی ریاست میں سب سے پہلے قانون کی بالا دستی پھر خوشحالی آئی تھی۔ خوشحالی تب آتی ہیں جب ملک میں انصاف ہوتا ہے۔ اس وقت سب سے بڑی ملک کے مستقبل کی جنگ مافیا کے خلاف لڑ رہے ہیں۔ مافیا کے خلاف جنگ جیتیں گے۔ غریب ملکوں میں انصاف اور قانون نہیں ہے۔