اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے وزارت داخلہ کو معاملے کی ہر پہلو سے تفتیش اور تہہ تک پہنچنے کی ہدایت کر دی۔ ترجمان وزیراعظم آفس کے مطابق عمران خان رات گئے تک معاملات کی خود نگرانی کرتے رہے۔
ادھر وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ میں بزدلانہ دہشتگرد حملے میں بے گناہ جانوں کے ضیاع پر غم ہے، ہماری قوم نے دہشتگردی کو شکست دینے کیلئے بڑی قربانیاں دیں، دہشتگردی کی اس لعنت کو دوبارہ سے اٹھنےنہیں دیں گے، تمام داخلی اور بیرونی خطرات سے چوکس ہیں۔
I am deeply saddened by the loss of innocent lives in the condemnable & cowardly terrorist attack in Quetta yesterday. Our nation has made great sacrifices in defeating terrorism & we will not to allow this scourge to rise again. We remain alert to all internal & external threats
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) April 22, 2021
کوئٹہ میں جناح روڈ پر ہوٹل کی پارکنگ میں دھماکے سے پولیس اہلکار سمیت 5 افراد جاں بحق جبکہ 11 زخمی ہوئے، جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جن میں سے 6 کی حالت تشویشناک ہے۔ زخمیوں میں اسسٹنٹ کمشنر اور اسسٹنٹ ریونیو بھی شامل ہیں۔
دھماکے کے بعد بم ڈسپوزل کی ٹیم موقع پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کرلیے۔ حکام کے مطابق دھماکے میں 40 سے 50 کلو مواد استعمال کیا گیا جو گاڑی میں نصب کیا گیا تھا۔
وزیر داخلہ بلوچستان ضیا لانگو کا کہنا ہے کہ دشمنوں کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ بدامنی پھیلائی جائے، ماضی میں بھی ایسے واقعات میں بھارت کے براہ راست ملوث ہونے کے ثبوت ملتے رہے ہیں۔ ڈی آئی جی اظہر اکرم نے کہا کہ ملزمان کو جلد کٹہرے میں لائیں گے۔
علاوہ ازیں ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے کہا کہ دھماکا دہشت گرد حملہ ہے جس کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ گورنر بلوچستان امان اﷲ خان یاسین زئی، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید، بلاو ل بھٹو، مریم نواز، صوبائی وزیر داخلہ ضیا اﷲ لانگو، صوبائی سیکرٹری اطلاعات بشریٰ رند سمیت دیگر اہم شخصیات نے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔