لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کی ایک پرانی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، یہ ویڈیو سوشل میڈیا کی مشہور ویب سائٹ فیس بک پر اپ لوڈ کی گئی جسے اب تک 40 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے، اس ویڈیو میں وزیراعظم حال ہی میں مذہبی جماعت کی طرف سے ہونے والے احتجاج کی مذمت کر رہے ہیں۔ یہاں بتاتے چلیں کہ یہ ویڈیو جعلی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق فیس بک پر 13 اپریل 2021ء کو 6 منٹ 49 سکینڈ ایک ویڈیو اپ لوڈ کی گئی جسے اب تک 40 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔ اس ویڈیو میں وزیراعظم عمران خان اور حال ہی ملک میں احتجاج کرنے والی مذہبی جماعت کے سربراہ کو دیکھا جا سکتا ہے۔
اے ایف پی کے مطابق شیئر کی پوسٹ پر اردو میں کیپشن تحریر کیا گیا ہے کہ سعد رضوی کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں مظاہرے شروع ہو گئے۔
اے ایف پی کے مطابق اس پوسٹ کے اوپر لکھا ہوا ہے کہ گرفتاری کے بعد ملک میں عمران خان کا دبنگ خطاب، خان انتہائی غصے میں، آخری فیصلہ تم ملک دشمن ہو۔
اے ایف پی کے مطابق اس ویڈیو کو فیس بک پر متعدد لوگوں نے شیئر کیا یہاں بتاتے چلیں کہ یہ ویڈیو جعلی ہے۔ کیونکہ سچ جاننے کے لیے جب گوگل کا سہارا لیا گیا تو پتہ چلا یہ ویڈیو 2021ء نہیں بلکہ 2018ء کی ہے۔
اس ویڈیو میں وزیراعظم عمران خان کہہ رہے ہیں کہ کوئی بھی حکومت کیسے چل سکتی ہے ، جب کوئی اٹھ کھڑا ہوتا ہے اور کہتا ہے کہ اداروں کیخلاف بغاوت کریں، لوگوں کو سڑکوں پر لائیں اور سڑکیں بلاک کردیں۔ اگر ایسی باتیں ہو رہی ہیں تو کون سی حکومت ، کون سا ملک چل سکتا ہے۔ مظاہرین سڑکیں بند کر رہے ہیں، لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، یہ لوگ ہمارے دین کی خدمت نہیں کر رہے بلکہ یہ ملک کے ساتھ دشمنی ہے۔
اے ایف پی کے مطابق یہ ویڈیو حکومت پاکستان کی طرف سے 31 اکتوبر 2018ء کو اپ لوڈ کی گئی تھی۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق اپریل 2021 کو وزیراعظم عمران خان نے ویڈیو بیان کے ذریعے قوم سے خطاب کیا تھا جس میں مذہبی جماعت کی طرف سے احتجاج کے بعد کی صورتحال کو عوام کے آگے رکھا تھا۔ ٹویٹر پراس ویڈیو کو شیئر کیا گیا تھا۔ نیچے ویڈیو دیکھی جا سکتی ہے۔
Live Stream: Prime Minister of Pakistan @ImranKhanPTI s Address to the Nation (19.04.2021)#PrimeMinisterImranKhan #PMIK_VoiceOfMuslims #Pakistan https://t.co/BShbdpcDCY
— Prime Minister s Office, Pakistan (@PakPMO) April 19, 2021