وزیراعظم کا بھارت سمیت دنیا بھر کے کورونا متاثرین کیلئے نیک خواہشات کا اظہار

Published On 24 April,2021 01:13 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے بھارت سمیت دنیا بھر کے کورونا متاثرین کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کورونا متاثرین کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہوں۔

وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بھارتی عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی عوام کورونا وبا کی خطرناک لہر سے لڑ رہے ہیں، بھارت اور دنیا بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی جلد صحت یابی کیلیے دعا گو ہیں، اس عالمی وبا سے نمٹنے کیلیے ہم سب کو مل کر جدو جہد کرنا ہوگی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کورونا کی موجودہ لہر کے تناظر میں بھارتی عوام کی مکمل حمایت کرتے ہیں، کورونا لہر نے ہمارے خطے کو بری طرح سے متاثر کیا، پاکستانی عوام کی طرف سے بھارت کے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔

شاہ محمود قرییشی نے کہا کہ کورونا اس بات کی ایک بار پھر یاد دہانی کراتا ہے کہ انسانی ایشوز پر ردعمل سیاست سے ہٹ کر ہونا چاہئے، پاکستان اس وباء سے نمٹنے کیلئے سارک ممالک سے تعاون کے لئے کام کرتا رہے گا۔

وفاقی وزیر وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل وقت میں ہماری دعائیں بھارت کے شہریوں کے ساتھ ہیں، خدا ہم سب پر اپنا کرم اور رحم کرے اور یہ مشکل وقت جلد ختم ہو۔