اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے بتایا ہے کہ لاہور میں پولیس اور رینجرز اہلکاروں کو اغوا کیا گیا جس کے بعد کارروائی ہوئی۔ انہوں نے دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مذاکرات پر یقین رکھتی ہے لیکن بلیک میل نہیں ہونگے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں فواد چودھری نے لکھا کہ لاہور میں پولیس اور رینجرز اہلکاروں کو اغوا کیا گیا جس پر آپریشن ہوا۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ریاست کالعدم مسلح گروہ کے سامنے بلیک میل نہیں ہوئی۔ وزیراعظم عمران خان عاشق رسول ﷺ ہیں، انہوں نے ہر فورم پر بات کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ناموس رسالت ﷺ پر آنچ نہیں آنے دیں گے، وزیر داخلہ شیخ رشید
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ناموس رسالت ﷺ پر آنچ نہیں آنے دیں گے نہ ہی ناموس رسالت ﷺ کی شان میں کوئی گستاخی قبول کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بادل ناخواستہ کچھ اقدامات کرنا پڑے، حکومت اپنی رٹ قائم کرے گی، 192 مقامات بلاک کیے گئے تھے، ایک کے علاوہ سب کلئیر کرا لیے، صرف ایک جگہ حالات کشیدہ ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے رمضان المبارک کے دوران شہریوں کو ارزاں نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی کیلئے قائم کیے گئے سستا بازار کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ سی ڈی اے نے رمضان میں دس سستے بازار جبکہ پانچ اسلام آباد انتظامیہ نے لگائے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عوام کی سہولت کے لیے مزید سستے بازار کھولے جائیں۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ کالعدم تنظیم نے 192 مقامات بلاک کیے تھے، ان میں سے 191 کلیئر ہوگئے، ایک جگہ مسئلہ ہے اور حالات کشیدہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کالعدم ہونے کے بعد اکاؤنٹس منجمد ہوتے ہیں، نقل و حمل پر پابندی ہوتی ہے، آئی ڈی کارڈز بلاک ہوتے ہیں، تین دن کا نوٹس دیا ہے، ایک ماہ میں جواب دینا ہوتا ہے، وزارت قانون کالعدم تنظیم کی تحلیل کے حوالے سے کام کر رہی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس وقت کوئی مذاکرات نہیں ہورہے، دو تین ماہ مذاکرات کیے جو نتیجہ خیز نہیں ہوسکے کیوں کہ وہ (کالعدم تنظیم) کسی صورت اپنے ایجنڈے سے پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں تھے، حکومت اپنی رٹ قائم کرے گی، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ناموس رسالت میں گستاخی قابل قبول نہیں نا ہی ہم اس پر آنچ آنے دیں گے، وزیراعظم عمران خان نے اس معاملے پر زبردست طریقے سے اپنا مؤقف پیش کیا ہے اور مسلسل وہ اس معاملے پر بات کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں زندہ رہنے کیلئے بادل ناخواستہ کچھ اقدامات کرنا پڑے ہیں۔ لوگ شہید اور جاں بحق ہوئے ہیں۔ 20 اپریل کو کالعدم تنظیم کی تحلیل کا فیصلہ کابینہ کرے گی۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ راولپنڈی اسلام آباد سمیت سارا ملک آج بھی کھلا ہے اور 20 کو بھی کھلا ہوگا۔ جہانگیر ترین اور ساتھیوں کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ترین پارٹی کے ساتھ ہیں اور رہیں گے اور یہ معاملہ ٹھنڈا ہو جائیگا۔
یہ بھی پڑھیں: پولیس نےآج کوئی آپریشن نہیں کیا،مسلح جتھے حملہ آورہوئے:فردوس عاشق اعوان
ادھر معاون خصوصی اطلاعات پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بتایا ہے کہ آج صبح پٹرول بموں اور تیزاب کی بوتلوں سے لیس متشدد جتھے نواں کوٹ پولیس سٹیشن پر حملہ آور ہوئے، جہاں رینجرز اور پولیس اہلکار محبوس اور تقریباً 6 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔
فردوس عاشق اعوان نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ متشدد جتھے ڈی ایس پی نواں کوٹ سمیت 12 پولیس اہلکاروں کو اسلحے کے زور پر اغوا کرکے اپنے مرکز میں لے گئے، جہاں حملے کے لیے 50 ہزار لیٹر کا آئل ٹینکر بھی رکھا گیا ہے،
معاون خصوصی نے لکھا کہ پولیس کی طرف سے کوئی آپریشن پلان یا شروع نہیں کیا گیا، جوابی کارروائی صرف سیلف ڈیفنس اور مغوی پولیس اہلکاروں کو بچانے کی لیے کی گئی۔ اس سے پہلے ان جتھوں کے ہاتھوں 6 پولیس اہلکار شہید اور 700 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔