اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے رمضان المبارک کے پہلے جمعہ نماز استغفار ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ علمائے کرام ایس او پیز پر عمل کرکے رول ماڈل کا کردار ادا کریں۔
تفصیل کے مطابق صدر مملکت کے زیر صدارت رمضان المبارک میں کورونا احتیاطی تدابیر پر اجلاس ہوا۔ وبائی مرض میں مبتلا ہونے کے باعث صدر نے بذریعہ ویڈیو لنک صدارت کی۔
اجلاس میں وفاقی وزرا، صوبائی گورنرز اور ملک بھر کے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام نے شرکت کی۔ اس موقع پر صدر مملکت نے زور دیا کہ علمائے کرام کورونا وائرس کی تیسری لہر کے دوران احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے رول ماڈل کا کردار ادا کریں۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ علمائے کرام، میڈیا اور سیاسی قیادت احتیاطی تدابیر پر عمل کیلئے آگاہی پیغامات جاری کریں۔ رمضان المبارک میں علمائے کرام کے اتفاق رائے سے تیار کردہ 20 نکاتی اعلامیہ تمام مساجد اور امام بارگاہوں میں نافذ کرنے کی ضرورت ہے۔