بھارتی اداکار اکشے کمار کورونا وائرس کا شکار، ہسپتال منتقل

Published On 05 April,2021 05:30 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت کے سب سے مہنگے ترین اداکار اکشے کمار کورونا وائرس کا شکار ہو کر ہسپتال منتقل ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق بھارت میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، ایک روز کے دوران بھارت میں سب سے زیادہ ایک لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں۔ دوسری طرف جہاں پر بھارت میں وباء کے کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں وہاں پر متعدد بالی ووڈ اداکار کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔

چند روز قبل عالیہ بھٹ، عامر خان، منوج باجپائی، سدھانت چترویدی، تاراسوتاریا، ستیش کوشک اور ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی شامل ہیں جبکہ رنبیر کپور بھی وائرس میں مبتلا تھے تاہم اب وہ کورونا سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔

بھارتی اداکار اکشے کمار نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹویٹر پر کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے میں نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے اور تمام ضروری طبی امداد بھی لے رہاہوں تاہم آج انہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

بالی ووڈ اداکار نے ٹوئٹر پر کہا کہ آپ سب کی دعاؤں کا شکریہ، میں ٹھیک ہوں تاہم احتیاطی طور پر میں ہسپتال میں داخل ہوگیا ہوں، میں بہت جلد واپس آؤں گا، آپ سب اپنا خیال رکھیے گا۔

 

انڈین ایکسپریس نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ اکشے کمار میں کورونا کی تشخیص کے بعد ان کے ساتھ کام کرنے والی ٹیم کے دیگر 45 ارکان میں بھی کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اکشے کمار آنے والی فلم ’رام سیتو‘ کی شوٹنگ میں مصروف تھے کہ ان میں کورونا کی تشخیص ہوئی تھی مگر ان کے بعد ان کی ٹیم کے تمام یعنی 100 ہی ارکان کے ٹیسٹ کیے گئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اکشے کمار کی آنے والی فلم کی شوٹنگ میں مصروف ٹیم کے 100 میں سے 45 ارکان میں کورونا کی تشخیص ہوئی، جس کے بعد فوری طور پر فلم کی شوٹنگ روک دی گئی۔