ملتان: (دنیا نیوز) ملتان کے مختلف علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاون کے باوجود تاجر تنظیمیں اور شہری کورونا ایس او پیز پر مکمل طور پر عملدرآمد کرنے کو تیار نہیں جس سے کورونا کی تیسری لہر سے متاثرہ مریضوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔
ملتان میں کورونا کی تیسری لہر میں شدت آ گئی ہے لیکن شہری اور تاجر تاحال کورونا کے حوالے سے سنجیدہ رویہ اختیار کرنے کو تیار نہیں، اسی لیے بازاروں میں ماسک، سماجی فاصلے اور ہینڈ سینیٹائزر کے اصولوں پر عملدرآمد بھی نہیں کیا جا رہا جس سے ہسپتالوں میں کورونا کا شکار مریضوں کی تعداد خوفناک حد تک بڑھ گئی ہے تاہم تاجروں کو اسکی پرواہ نہیں۔
کورونا کے پھیلاو کی موجودہ صورتحال پر ضلعی انتظامیہ بے بس دکھائی دیتی ہے جس کی وجہ سے ڈاکٹرز تنظیموں کو بھی تحفظات ہیں۔ اسی لیے ڈاکٹروں نے حکومت سے سمارٹ لاک ڈاون کو زیادہ موثر طریقے سے نافذ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
کورونا کی پہلی اور دوسری لہر کے بعد تیسری لہر نے بھی کئی گھروں کے چراغ گل کر دئیے ہیں لیکن اس کے باوجود تاجروں اور شہریوں کا احتیاطی تدابیر کے حوالے سے رویہ افسوسناک ہے۔