کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان میں بھی کورونا وائرس تیزی سے پھیلنے لگا، شہریوں کے ساتھ ساتھ وزراء اور اراکین بھی ایس او پیز کی دھجیاں اڑانے لگے، ماسک اور سنیٹائرر سمیت دوسری احیتاطی تدابیر پس پشت، بے حسی انتہا کو پہنچ گئی۔
کورونا وائرس کی تیسری لہر سے ہلاکتوں میں دن بدن تیزی آرہی ہے مگر اس کی پرواہ کسی کو بھی نہیں، شہری تو دور کی بات منتخب نمائندے بھی کورونا کی احتیاطی تدابیر کے حوالے سے بے حسی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ بلوچستان کے وزراء اور اراکین اسمبلی اکثر اجلاس کے دوران ماسک تک استمعال نہیں کرتے اور نہ ہی انہیں ایس اور پیز کا خیال ہے، کورونا سے بچائو کے متعلق حکومتی اراکین کا کہنا ہے کہ کورونا سے بچائو ضروری ہے۔
اسمبلی کے احاطے میں اکثر آنے جانے والے بھی ایس اوپیز کو نظر انداز کررہے ہیں، سنیٹائزر کہیں دکھائی نہیں دیتا، ممبران بلوچستان اسمبلی کا کہنا ہے کہ کوویڈ 19 کے حوالے سے سہولیات کے فقدان سے سیکرٹری اسمبلی کو آگاہ کیاہے۔
بلوچستان اسمبلی کی سکیورٹی پر مامور گارڈز بھی دوران ڈیوٹی احتیاطی تدابیر کا خیال نہیں رکھتے۔