اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے 10 اپریل سے بین الصوبائی ٹرانسپورٹ ملک بھر میں ہفتے میں دو روز بند رکھنے کا فیصلہ کر لیا، اطلاق 25 اپریل تک ہو گا۔ ریلوے کو ستر فیصد مسافروں کے ساتھ ساتوں روز آپریشنز جاری رکھنے کی اجازت مل گئی۔
این سی او سی کے مطابق بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر ہفتے میں 2 دن بندش کا اطلاق دس سے پچیس اپریل تک ہوگا، گڈز، فریٹ، میڈیکل اور دیگر ایمرجنسی سروسز کو استثنٰی دیا گیا ہے۔
ملک میں کورونا کے پھیلاو میں اضافے کے باوجود عوام کی جانب سے ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد نہ کرنے کے سبب حکومت مزید اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ملک میں کورونا کی تیسری لہر کے سبب صورتحال خطرناک ہوتی جا رہی ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مہلک وائرس مزید 43 زندگیاں نگل گیا۔ اموات کی مجموعی تعداد14 ہزار 821 ہو گئی ہے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 4 ہزار 323 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔