کراچی: (دنیا نیوز) وزیر صحت سندھ عذرا فضل پیچوہو نے کہا ہے کہ وفاق نے صوبوں کو کورونا ویکسین خریدنے کی اجازت دے دی ہے، سندھ حکومت کین سائنو ویکسین کی 50 لاکھ خوراکیں خریدے گی، ڈوز زیادہ ملیں گی تو ویکسی نیشن سینٹرز کی تعداد بھی بڑھا دیں گے۔
وزیر صحت سندھ عذرا فضل پیچوہو نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سائنو فام ویکسین خریدنے کیلئے دستیاب نہیں، چین کا کہنا ہے سائنو فام ویکسین عطیہ ہے، چین نے کنسینو ویکسین خریدنے کی پیشکش کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ کی کورونا وائرس کی قسم کا سندھ میں پھیلاؤ نہیں ہوا، پنجاب میں برطانیہ سے آئے وائرس کا پھیلاؤ ہوا، اگر برطانوی وائرس سندھ میں آگیا تو بہت لوگ متاثر ہوں گے، سندھ میں خوش قسمتی سے یہ وائرس عوام میں نہیں پھیلا۔
عذراپیچوہو نے کہا کہ ہم نے برطانیہ سے آنیوالے لوگوں کے ٹیسٹ کیے، بسوں کو روک کر سکریننگ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کتوں کو تلف کیا جاتا ہے تو اینیمل ویلفئیر والے آ جاتے ہیں کہ کتوں کو کیوں مارا جا رہا ہے، کتوں کو پکڑ کر ربیز کی ویکسین لگائی جائے پھر بھی کتے کاٹتے ہیں۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 100 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 14 ہزار 356 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 6 لاکھ 63 ہزار 200 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 84 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 2 لاکھ 17 ہزار 694، سندھ میں 2 لاکھ 65 ہزار 158، خیبر پختونخوا میں 86 ہزار 44، بلوچستان میں 19 ہزار 535، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 16، اسلام آباد میں 57 ہزار 204 جبکہ آزاد کشمیر میں 12 ہزار 549 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 15 لاکھ 3 ہزار 364 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 46 ہزار 269 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 6 لاکھ 278 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 3 ہزار 170 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 100 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 14 ہزار 356 ہوگئی۔ پنجاب میں 6 ہزار 319، سندھ میں 4 ہزار 495، خیبر پختونخوا میں 2 ہزار 319، اسلام آباد میں 563، بلوچستان میں 207، گلگت بلتستان میں 103 اور آزاد کشمیر میں 350 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔