پشاور: (دنیا نیوز) کورونا وائرس کی تیسری لہر نے خیبرپختونخوا میں پنجے گاڑ لیے، پشاورمیں کیسز کی شرح 28 فیصد تک پہنچ گئی۔ مردان ، صوبائی، چارسدہ، سوات، باجوڑ سمیت دیگر اضلاع میں بھی کیسز کی شرح تیزی سے بڑھنے لگی۔
کورونا وائرس کی تیسری لہر نے خیبر پختونخوا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، صوبے کے کئی اضلاع میں مثبت کیسز کی شرح بڑھنے لگی۔ وزیرصحت کے پی کہتے ہیں ہسپتالوں پر بوجھ بڑھنے سے استعداد کاربھی بڑھا رہے ہیں، شہری کہتے ہیں سمارٹ لاک ڈائون کے ثمرات نظر نہیں آرہے۔
کورونا وائرس کی حالیہ لہر سے سب سے زیادہ پشاورمتاثر ہے جہاں مثبت کیسز کی شرح 28 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ دوسرے نمبر پر سوات میں شرح 26 فیصد ہو گئی ہے۔ پشاور میں گذشتہ ہفتے کے دوران 40 کے قریب مختلف مقامات پر سمارٹ لاک ڈائون نافذ کیا جاچکا ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ سمارٹ لاک ڈائون کے کوئی ثمرات نظر نہیں آرہے، کیسز کم ہونے کی بنائے مزید بڑھ رہے ہیں۔
صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا کے مطابق کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر ہسپتالوں پر بوجھ بڑھ رہا ہے تاہم ہسپتالوں کی استعداد کار بڑھانے کے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ پشاور میں حیات آباد اور خیبر ٹیچنگ ہسپتال سمیت مردان میں گنجائش بڑھا دی گئی ہے ۔
نوشہرہ میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 19، بونیر میں 16، ملاکنڈ میں 12 فیصد تک پہنچ گئی ہے جبکہ باجوڑ، چارسدہ اور صوابی میں 11،11 فیصد شرح ریکارڈ کی گئی ہے، صوبے میں ٹیسٹنگ 6500 سے لیکر 7000 ہزار یومیہ تک کی جارہی ہے۔