لاہور: (دنیا نیوز) لاہور پولیس نے حکومتی ہدایات پر عملدآمد کرتے ہوئے 3 روز کے دوران کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 407 مقدمات درج کرلئے۔
لاہور پولیس نے 24 گھنٹے میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 194 مقدمات کا اندراج کیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ لاہور کے 79 علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کیلئے اقدامات کئے گئے، پولیس افسران سلیکٹڈ لاک ڈاون علاقوں میں حکومتی ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنا رہے ہیں، لاک ڈاؤن ایریاز میں تعینات پولیس افسران و اہلکار ماسک، گلوز اور سینٹائزر سمیت حفاظتی تدابیر اختیار کریں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ ہاٹ سپاٹس کے رہائشی کورونا خطرات کے پیش نظر غیر ضروری نقل و حرکت سے پرہیز کریں۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 100 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 14 ہزار 356 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 6 لاکھ 63 ہزار 200 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 84 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 2 لاکھ 17 ہزار 694، سندھ میں 2 لاکھ 65 ہزار 158، خیبر پختونخوا میں 86 ہزار 44، بلوچستان میں 19 ہزار 535، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 16، اسلام آباد میں 57 ہزار 204 جبکہ آزاد کشمیر میں 12 ہزار 549 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 15 لاکھ 3 ہزار 364 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 46 ہزار 269 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 6 لاکھ 278 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 3 ہزار 170 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 100 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 14 ہزار 356 ہوگئی۔ پنجاب میں 6 ہزار 319، سندھ میں 4 ہزار 495، خیبر پختونخوا میں 2 ہزار 319، اسلام آباد میں 563، بلوچستان میں 207، گلگت بلتستان میں 103 اور آزاد کشمیر میں 350 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔