پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں بھی کورونا کی تیسری لہر شدت اختیار کر گئی۔ پختونخوا میں آج سے شادی تقریبات پر پابندی اور ہفتے میں دو دن مارکیٹوں کے ساتھ ٹرانسپورٹ بھی بند رہے گی۔
معاون خصوص اطلاعات کامران بنگش نے تیمور سلیم جھگڑا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کے باعث سکول بند کرنا کا فیصلہ کیا ہے، دفاتر میں پچاس فیصد سٹاف کم کرنے کی ہدایت کی ہے، وزراء کو اختیار دے دیا کہ سٹاف کو مزید بھی کم کرسکتے ہیں، ہفتے کے دو دن مارکیٹوں کے ساتھ ٹرانسپورٹ بھی بند رہے گی، عوام ماسک کا استعمال اور احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، حالات پیچیدہ ہوئے تو مزید سخت اقدامات اٹھانے ہوں گے۔
وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا ہے کہ چاہتے ہیں کاروبار بند نہ ہو، وزیراعظم نے بھی کہا کہ مکمل لاک ڈاؤن نہیں چاہتے، عوام سے اپیل ہے ایس او پیز پر عمل کریں، کورونا پر قابو پانے کے لیے ہر شہری کو کردار اد اکرنا ہوگا، مکمل لاک ڈاؤن کی جانب نہیں بڑھنا چاہتے، 16 اضلاع میں کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا، عوام سے گزارش ہے کہ اپنی نقل و حرکت محدود رکھیں۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 100 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 14 ہزار 356 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 6 لاکھ 63 ہزار 200 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 84 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 2 لاکھ 17 ہزار 694، سندھ میں 2 لاکھ 65 ہزار 158، خیبر پختونخوا میں 86 ہزار 44، بلوچستان میں 19 ہزار 535، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 16، اسلام آباد میں 57 ہزار 204 جبکہ آزاد کشمیر میں 12 ہزار 549 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 15 لاکھ 3 ہزار 364 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 46 ہزار 269 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 6 لاکھ 278 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 3 ہزار 170 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 100 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 14 ہزار 356 ہوگئی۔ پنجاب میں 6 ہزار 319، سندھ میں 4 ہزار 495، خیبر پختونخوا میں 2 ہزار 319، اسلام آباد میں 563، بلوچستان میں 207، گلگت بلتستان میں 103 اور آزاد کشمیر میں 350 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔