اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ملک بھر میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کے پیش نظر پابندیاں مزید سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
تفصیل کے مطابق نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر نے پابندیاں مزید سخت کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی وبا کا پھیلاؤ روکنا ہوگا، اس سلسلے میں تمام اضلاع میں ایس او پیز پر عملدرآمد سخت کرایا جائے گا۔ ایمرجنسی کے سوائے نقل وحرکت کی اجازت نہیں ہوگی، ہفتے میں 2 روز کیلئے کاروبار مکمل بند رہیں گے۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کے زیر صدارت اسلام آباد میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا اجلاس ہوا جس میں چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
In the NCOC meeting this morning we decided to increase restrictions of activities contributing to sharp increase in covid positivity. The provincial & ICT administration were also directed to tighten implementation of sop s and crackdown on violations which are taking place.
— Asad Umar (@Asad_Umar) March 22, 2021
اجلاس کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس کی بگڑتی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام اضلاع میں ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے پر اتفاق کرتے ہوئے اس بات کا عہد کیا گیا کہ کورونا کا پھیلاؤ ہر حال میں روکنا ہوگا۔
این سی او سی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ہفتے میں 2 روز کیلئے کاروبار مکمل بند رہیں گے۔ اس دوران ایمرجنسی کے سوائے نقل وحرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔ کاروباری بندش کے ایام کا تعین صوبائی حکومتیں کریں گی۔
اس کے علاوہ 300 افراد کے اجتماع کی اجازت ایس او پیز پر عملدرآمد سے مشروط کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ شادی ہالز میں تقریب پر پابندی ہوگی جبکہ سینما گھر اور مزارات بھی بند رہیں گے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس میں ان ڈور کھانا کھانے پر پابندی بدستور عائد رہے گی جبکہ باہر بیٹھ کر کھانے کی صرف رات 10 بجے تک اجازت ہوگی اور ٹیک آوے کی سہولت برقرار رہے گی۔ اس کے علاوہ تمام تجارتی سرگرمیاں رات آٹھ بجے بند کرنے کی پابندی ہوگی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس میں جو اہم فیصلے کئے گئے وہ درج ذیل ہیں:
ہفتے میں دو روز مکمل طور پر کاروبار بند رہے گا۔ بند ہونے والے ایام کا تعین صوبائی حکومتیں کریں گی۔
تین سو افراد کے اجتماع کی اجازت ایس او پیز پر عملدرآمد سے مشروط ہوگی۔
شادی ہالز کے اندر ہر قسم کی تقریب پر پابندی ہو گی۔
سینیما گھر اور مزارات بند رہیں گے۔
سپورٹس سرگرمیاں بھی بند رہیں گی۔
کھلی فضا میں شادی تقریبات رات دس بجے تک ہو سکیں گی۔
تفریحی پارکس بند رہیں گے۔ تاہم واکنگ اور جاگنگ ٹریکس پر جانے کی اجازت ہوگی۔
تمام دفاتر میں آدھے عملہ کو آنے کی اجازت ہو گی۔
ٹرانسپورٹ 50 فیصد مسافروں کے ساتھ چلے گی۔
اس کے علاوہ ریلوے ٹرنیں بھی 70 فیصد مسافروں کے ساتھ چل سکیں گی۔
تمام لوگوں کیلئے ماسک پہننا لازمی ہوگا۔
عدالتوں میں بھی حاضری کم کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
تمام احکامات 11 اپریل تک نافذ رہیں گے۔ این سی او سی کا آئندہ اجلاس 7 اپریل جبکہ تعلیمی شعبہ کے حوالے سے اجلاس 24 مارچ کو ہوگا۔