اسلام آباد: ریڈ زون میں ایم پی اے کے شوہر اور سیشن جج کا جھگڑا، فائرنگ

Published On 13 September,2020 11:25 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کے ریڈو زون میں ایم پی اے عابدہ راجہ کے شوہر اور سیشن جج کا جھگڑا، لینڈ کروزر میں سوار چودھری خرم کی پہلے سے پٹرول ڈلواتے ڈرائیور کو مار پیٹ، ایڈیشنل سیشن جج طارق جہانگیر نے فائرنگ کر دی۔ پولیس نے فریقین کو تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کردیا

تفصیل کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے ریڈ زون میں واقع پٹرول پمپ پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔ پولیس نے ملزمان کو حراست میں لے کر تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کر دیا ہے۔

اسلام آباد میں ریڈ زون میں دفتر خارجہ کے سامنے پٹرول پمپ پر جھگڑے اور فائرنگ کی سی سی ٹی وی فوٹیج دنیا نیوز نے حاصل کر لی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک لینڈ کروزر میں سوار شخص نے پہلے سے موجود پٹرول ڈلوانے والے ڈرائیور پر حملہ کیا، تھپڑ اور مکے مارتا رہا۔

تشدد کا شکار ہونے والے شخص نے گاڑی کے اندر سے فائرنگ کی۔ واقعہ کے بعد پولیس نے فریقین کو حراست میں لے کر تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کر دیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ زیر حراست ملزمان میں ایک شخص حکومتی جماعت کی خاتون ایم پی اے کا خاوند جب کہ دوسرا وزارت قانون کا افسر ہے۔

ایم پی اے عابدہ راجہ کی جانب سے سامنے آنے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ پیٹرول پمپ پر ہم پر فائرنگ کی گئی، تاہم فائرنگ کرنیوالا شخص کون ہے؟ ہمیں معلوم نہیں ہے۔ واقعے کے بعد ہم نے پولیس کو بلایا جو متعلقہ شخص اور میرے شوہر کو تھانے لے گئے۔

دوسری جانب سیشن جج نے کہا ہے کہ مجھے نہیں پتا کہ مجھ پر کیوں تشدد کیا گیا؟ میں پیٹرول ڈلوا رہا تھا کہ اچانک سے ایک شخص آیا اور حملہ کر دیا۔ حملے کے باعث میرے چہرے پر بھی چوٹیں آئیں ہیں۔