مری میں فیملی کے ساتھ ایک بار پھر بدتمیزی، معمولی تلخ کلامی پر تشدد

Published On 13 September,2020 05:18 pm

مری: (دنیا نیوز) مری ایکسپریس وے ریسٹورنٹ میں معمولی تلخ کلامی پر سیاحوں پر تشدد، زخمی شہری کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

تفصیل کے مطابق مری میں سیاح فیملی کے ساتھ ایک بار پھر بدتمیزی اور لڑائی جھگڑے کا واقعہ پیش آیا ہے۔ مری ایکسپریس وے ریسٹورنٹ میں معمولی تلخ کلامی پر سیاحوں کو بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

متاثر فیملی کا تقلع فیصل آباد سے بتایا جاتا ہے جو سیروتفریح کے لیے آئی تھی۔ ریسٹورنٹ کے عملے نے خواتین اور مردوں پر دھاوا بول دیا۔ اس موقع پر انتظامیہ اور پولیس غائب رہی۔

خیال رہے کہ مری میں اس سے پہلے بھی سیاحوں کے ساتھ بدتمیزی اور جھگڑے کے واقعات رونما ہو چکے ہیں۔ تشدد کے واقعات کو روکنے کے لئے ڈولفن فورس تعینات کی گئی تھی۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مری میں سیاحوں پر تشدد کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر راولپنڈی اور آر پی او سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

انہوں نے ہدایت کی ہے کہ تشدد کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کرکے متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے۔ مری اور دیگر سیاحتی مقامات پر ایسے واقعات کسی صورت برداشت نہیں کئے جائیں گے۔ پولیس سیاحتی مقامات پر تواتر کے ساتھ گشت کرے۔