کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ سندھ حکومت مشاورت کرتی تو کاروبار کے اوقات کار لامحدود کر دیتا، امید ہے سندھ حکومت عقل سے کام لے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ تاجر برادری کاروبار میں ایک دن کی بندش برداشت نہیں کر سکتی۔ ایک گھنٹے کے اضافے سے کاروباری سرگرمیاں بہتر نہیں ہوں گی۔ نقصانات کو پورا کرنے کیلئے رات گئے کاروبار کی اجازت ہونی چاہیے۔
عمران اسماعیل کی جانب سے جاری بیان میں مشورہ دیا گیا ہے کہ کاروباری اوقات کار بڑھا کر رش میں کمی لائی جا سکتی ہے۔ سندھ حکومت کو بھی کاروباری پابندیاں ہٹانا ہوں گی۔ کاروباری سرگرمیوں پر وقت اور دن کی پابندی لاحاصل ہے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت کے نوٹیفکیشن پر حیران ہوں۔ پورا ملک کاروباری سرگرمیاں بحال ہونے کے انتظار میں تھا۔ مکمل لاک ڈاؤن سب سے پہلے سندھ میں کیا گیا۔ کراچی کا تاجر مالی طور پر پس چکا ہے۔