راولپنڈی: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے حکام پر زور دیا ہے کہ ڈینگی وبا پر مکمل قابو پانے کیلئے تمام اداروں کو مشترکہ کوششیں کرنا ہونگی۔
تفصیل کے مطابق صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس ہوا جس میں راولپنڈی ڈویژن میں انسداد ڈینگی مہم کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔
کمشنر راولپنڈی نے صوبائی وزیر صحت کو ڈینگی وبا پر قابو پانے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے سرگرمیوں کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ صوبہ بھر میں ڈینگی وبا کے حوالہ سے صورتحال قابو میں ہے۔ ڈینگی پر مکمل قابو پانے کیلئے تمام اداروں کو مشترکہ کوششیں کرنا ہونگی۔ محکمہ صحت پنجاب نے اس سلسلے میں خاطر خواہ انتظامات کئے ہیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ تمام کمشنرز اور ڈی سیز انسداد ڈینگی مہم کی سرگرمیوں کی خود مانیٹرنگ کریں، انتظامیہ ہاٹ سپاٹس کی نشاندہی کرکے ڈینگی لاروا کی تلفی کو یقینی بنائے جبکہ عوام سے بھی حفاظتی تدابیر پر مکمل عملدرآمد کرنے کی اپیل کی جاتی ہے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے فریم ورک کے تحت کورونا روائرس کے کیسز میں کمی واقع ہوئی۔ پنجاب میں ڈینگی کے تدارک، پولیو کے خاتمے اور کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے بنیادی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔