نیویارک: (دنیا نیوز) مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے کہا ہے کہ پاکستان نے کامیابی سے کورونا وبا کا مقابلہ کیا۔
امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے بل گیٹس نے کہا کہ پاکستان نے جس طرح کورونا وائرس پرقابو پایا ہے اس کی مثال دنیا کے کسی بھی ملک اورخطے میں نہیں ملتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت اور یورپ کے مقابلے میں پاکستان نے کامیابی کے ساتھ مہلک وائرس پر قابو پایا۔ بل گیٹس مزید کہتے ہیں کہ پاکستان نے یہ کامیابی اپنی کمال مہارت کی وجہ سے حاصل کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس پر 2022ء تک ممکنہ طور پر قابو پا لیا جائے گا: بل گیٹس
خیال رہے کہ گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں ملٹی نیشنل ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے کہا ہے کہ دنیا بھر سے ممکنہ طور پر 2022ء تک کورونا وائرس کا خاتمہ ہو جائے گا۔
انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ کووڈ 19 کے خاتمے اور ویکسین کی تیاری کیلئے بہت اچھی کاوشیں کی گئی ہیں اور یہ یقیناً رنگ لائیں گی۔ مجھے ایسا لگتا ہے کہ ترقی یافتہ ممالک 2021ء جبکہ دیگر دنیا اس پر 2022ء کے آخر تک قابو پا لے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اس وقت ایک موثر ویکسین کی ضرورت ہے جو کورونا وائرس کیخلاف کام کر سکے کیونکہ اس وقت تک دنیا کے حالات معمول پر نہیں آ سکتے جب تک دوا تیار نہیں ہوتی، یہ دنیا بھر کے سائنسدانوں کیلئے ایک چیلنج بن چکا ہے۔
بل گیٹس نے دنیا بھر میں کورونا وائرس کے 2022ء تک ممکنہ خاتمے بارے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے یہ دورانیہ اس لئے کہا ہے کیونکہ ابھی تک جو ویکسینز تیاری کے مراحل میں ہیں اگر وہ فائنل ہو جاتی ہیں تو وہ پہلے صرف امیر ممالک کو ہی دستیاب ہوں گی۔
مائیکروسافٹ کے بانی نے امید ظاہر کی کہ ایسا ممکن ہے کہ رواں سال کے آخر تک کورونا وائرس سے ہونے والی شرح اموات میں بھی نمایاں کمی دیکھنے میں آئے۔ انہوں نے امریکا میں ٹیسٹنگ سسٹم پر شدید تنقید کرتے ہوئے انہوں نے صدر ٹرمپ انتظامیہ کی کارکردگی پر تحفظات کا اظہار کیا۔