پختونخوا: پہلی بار کورونا سے متاثرہ افراد کا پلازمہ کے ذریعے علاج کی تیاریاں

Last Updated On 15 May,2020 11:57 am

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں پہلی بار کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کا پلازمہ کے ذریعے علاج معالجے کی تیاریاں شروع کر دی گئیں، حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں کورونا سےصحتیاب ہونے والے مریضوں سے پلازمہ کی وصولی کا عمل شروع کر دیا گیا۔

ایچ ایم سی ہسپتال میں پلازمہ کے حصول کیلئے 50 لاکھ روپے سے مشینری نصب کی گئی ہے، ایک ڈونر کے عطیہ کردہ پلازمہ پر سرکاری خرچہ 20 ہزار روپے تک آتا ہے، ایک ڈونر 100 ملی لیٹر پلازمہ عطیہ کرسکتا ہے جس سے 4 مریضوں کا علاج کیا جاسکتا ہے۔

ماہرین صحت کے مطابق بڑی سطح پر پلازمہ جمع کرنے میں مشینری کی کمی اور زیادہ ڈونرز نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے، پلازمہ عطیہ کرنے پر ڈونرز کی صحت پر کوئی منفی اثر نہیں پڑتا۔

محکمہ صحت کی جانب سے پلازمہ پراسز کرنے والی مشین کو سہولیات اور دیگر انتظامات فراہمی کیلئے کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔