3 ماہ ہوگئے، حکومت کی کورونا پر کوئی پالیسی سامنے نہیں آئی: احسن اقبال

Last Updated On 15 May,2020 02:21 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) احسن اقبال نے کہا ہے کہ 3 ماہ ہوگئے، حکومت کی کورونا پر کوئی پالیسی سامنے نہیں آئی، وزیراعظم نا تجربہ کار ہیں، کہاں ہیں وزیر خزانہ ؟ موجودہ حالات میں بھی وزیراعظم نے اپوزیشن کیساتھ بیٹھنے سے انکار کیا، وزیراعظم انا کے کوہ ہمالیہ پر بیٹھے ہوئے ہیں۔

 پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا وزیر داخلہ کہاں ہیں، ایوان کو بتاتے داخلی راستوں پر کیا انتظامات کیے ؟ وزیر خارجہ کہاں ہیں؟ تارکین وطن کی واپسی کا بتاتے، بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو عید سے پہلے لایا جائے، حکومت این ایف سی اور 18 ویں ترمیم جیسی بحث سے گریز کرے، چھوٹے صوبوں کے حق پر ڈاکا نہیں ڈالنے دیں گے، ملک میں ایجوکیشن ایمرجنسی نافذ کی جائے۔

 احسن اقبال کا کہنا تھا پاکستان میں وبا تیزی سے پھیل رہی ہے، ہم نے لاک ڈاؤن کھول دیا، ہم نے مارکیٹس کھول دیں، سڑکوں پر اجتماع کی اجازت دے دی۔ انہوں نے کہا دنیا نے کورونا کے پھیلنے کے ذرائع بند کیے، احتیاطی تدابیر اختیار کیں، ماہرین کا کہنا ہے کورونا مزید تیزی سے پھیلنے کا خدشہ ہے، حکومت کو جو اقدامات کرنے چاہیئے تھے وہ نہیں کیے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ کورونا نے تمام ترقی یافتہ ممالک کو بے بس کر دیا، آج دنیا کی سب سے بڑی سپر پاور کورنا کے سامنے بے بس ہے، آج سپر پاور کا بھی نظام صحت لڑکھڑا رہا ہے، قوموں کی طاقت صرف اسلحہ اور ایٹمی ہتھیار نہیں ہوتے، دنیا نے وبا سے مقابلہ کرنے کا نیا راستہ پیش کیا۔