دنیا بھر میں کورونا سے 3 لاکھ 3 ہزار سے زائد ہلاکتیں، امریکہ میں‌ مزید 1624 اموات

Last Updated On 15 May,2020 11:52 am

نیویارک: (دنیا نیوز) دنیا بھر میں کورونا کا زور برقرار ہے، مرنے والوں کی تعداد 3 لاکھ 3 ہزار 407 تک پہنچ گئی ہے، امریکا میں مزید ایک ہزار 624 اور برطانیہ میں 428 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق برازیل میں تین سو ستانوے، میکسیکو میں دو سو چورانوے افراد جان سے گئے۔ اٹلی میں دو سو باسٹھ اور اسپین میں دو سو سترہ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ادھر ترکی میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار سے تجاوز کر گئی جس کے بعد حکومت نے ملک بھر میں 4 روز کیلئے مکمل لاک ڈاون کا اعلان کر دیا ہے۔

جمعرات کو ترک وزارت صحت کی طرف سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کےدوران ملک بھرمیں کرونا سے مزید 55 ہلاکتیں ہوئیں جس کے بعد اب تک کرونا سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد چار ہزار سات ہو گئی ہے جبکہ کورونا کے مزید 1635 کیس سامنے آئے ہیں۔