اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز اور معاون خصوصی عاصم باجوہ نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں، سیکرٹری اطلاعات و سینئر افسران نے اداروں کے امور پر وفاقی وزیراور معاون خصوصی کو بریفنگ دی۔
وفاقی وزیراطلاعات شبلی فراز اور معاون خصوصی عاصم سلیم باجوہ آج وزارتِ اطلاعات پہنچے اور اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ اس موقع پر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کا اہم ذمہ داری سونپنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، اطلاعات ونشریات کی وزارت کو ہمیشہ سے روایتی انداز سے چلایا جاتا رہا ہے، ہم نے وزارت اطلاعات کے کردار کو مزید فعال اور متحرک بنانا ہے، یہ ایک دن کا کام نہیں اس کو بتدریج آگے بڑھائیں گی، وزارت کوجدید خطوط پراستوار کرنے کیلئے ایک ٹیم کی طرح لگن سے کام کرنا ہوگا۔ ادب اور ثقافت کے فروغ کیلئے وزارت اطلاعات کا کردار نہایت اہم ہے۔
دوسری جانب معاون خصوصی عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ میرے لیے بطور معاون خصوصی کام کرنا باعث اعزاز ہے، ہم نے وزارت اطلاعات کو 21 ویں صدی کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے، وزارت کے تمام اداروں کے مابین ہم آہنگی اور تعاون کا فروغ نہایت ضروری ہے۔