لاہور: (دنیا نیوز) وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ سابق صدر آصف زرداری لوٹ مار،کرپشن اورزمینوں پر قبضوں میں ملوث ہیں۔ پیپلز پارٹی اپنے لیڈر کو سمجھائے کہ اب ایان کے ذریعے پیسہ باہر نہیں بھجوا سکتے۔ ن لیگ کے مشاہداللہ کا کام سارا دن لوگوں کو لڑانا ہے، انھیں کسی بھی مقام پر مباحثے کا چیلنج دیتا ہوں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ سابق ملکی قیادت کرپٹ اورانکی بیرون ملک جائیدادیں تھیں۔ پاکستان سے سالانہ تقریباً ایک ہزار ارب کی منی لانڈرنگ کی جارہی تھی، پہلی بار کسی حکومت میں 5 ہزارجعلی اکاؤنٹس کا انکشاف ہوا۔ جب کوئی منی لانڈرنگ کا ذکرکرتا تو یہ اقامہ سامنے لے آتے تھے، اقامہ منی لانڈرنگ، کرپشن اور لوٹ مار کا ذریعہ ہے۔
وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان نے پیپلزپارٹی پر وار کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری لوٹ مار، کرپشن اور زمینوں پر قبضوں میں ملوث ہیں، پیپلز پارٹی اپنے لیڈر کو سمجھائے کہ اب ایان کے ذریعے پیسہ باہر نہیں بھجوا سکتے۔ سندھ حکومت نے پلی بارگین کے بعد معطل افسران کو دوبارہ بحال کرایا، پیپلز پارٹی بلوچستان، کےپی اور پنجاب میں 350 ووٹوں پر آ گئی۔
ن لیگ کی جانب توپوں کا رخ کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ مشاہداللہ نے تین چارمرلے کے مکان اور کلرکی سے سیاست کا آغاز کیا، ان کا کام سارا دن لوگوں کو لڑانا ہے، مشاہداللہ کو کسی بھی مقام پر مباحثے کا چیلنج دیتا ہوں۔