اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات فواد چودھری نے بھارتی میڈیا کی جانب سے پاکستانی طلبہ کو دہشتگرد ثابت کرنے کی مذموم کوشش کو آئندہ الیکشن کی پیش بندی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پڑوسی ملک میں انتخاب جیتنے کیلئے ہر طرح کے کام کیے جاتے ہیں، ہمیں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا کہ بھارتی سیاستدانوں کے لئے اپنے انتخابات سے بڑھ کر کچھ نہیں ہوتا، بھارتی حکومت اس وقت انتخابی مہم میں مصروف ہے، بھارتی حکومت کو فی الحال کچھ رعایتی نمبر دے دیتے ہیں۔
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان 29 نومبر کو حکومت کے 100 روزہ پلان پر قوم کو آگاہ کریں گے، ہم نے سو روز میں عمارت کی بنیاد رکھ دی ہے، اب ہم اسی بنیاد پر عمارت کو تعمیر کریں گے۔ فواد چودھری نے کہا کہ حکومت سنبھالنے کے بعد سب سے بڑا چیلنج ادائیگیوں میں عدم توازن کا تھا۔
سابق حکمرانوں پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ اپنی کرتوتوں پر شرمندہ ہونے کے بجائے ڈھیٹ ہو جاتے ہیں، انہوں نے جو کچھ پاکستان کیساتھ کیا، مجال ہے کہ ان آنکھوں میں آنسو ہی آ جائیں۔ انہوں نے کہا کہ شفاف انداز سے حکومت آگے بڑھ رہی ہے، جو کر سکے لوگوں کے سامنے رکھیں گے جو نہیں کر سکیں گے وہ بھی سامنے رکھیں گے، یہ اپنے کرتوتوں کا حساب دینے کا حوصلہ پیدا کریں۔
فواد چودھری نے کہا کہ ماضی میں اربوں روپے کی کرپشن کی گئی جس کا حساب دینا ہوگا، کرپشن کے خاتمے کیلئے وسل بلور ایکٹ لا رہے ہیں، کرپشن کی نشاندہی کرنے والوں کو 20 فیصد ملے گا۔