اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کا قطری امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے گفتگو میں کہنا تھا کہ کشمیریوں کے حقوق بھی پامال کیے جا رہے ہیں۔ ایک روزہ دورے کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو، سماجی اور معاشی پارٹنرشپ مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان ایک روزہ سرکاری دورے پر قطر پہنچے جہاں انہوں نے قطر کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتوں میں باہمی تعاون کے فروغ اور علاقائی صورتحال سے متعلق امور پر بات چیت کی۔
وزیراعظم عمران خان نے امیر قطر تمیم بن حماد الثانی سے ملاقات کی جس میں باہمی تعاون کے فروغ اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
خیال رہے کہ پاکستان اور قطر میں باہمی اعتماد اور مفاہمت پر مبنی قریبی تعلقات ہیں، دونوں ممالک سیاسی، تجارت، دفاع اور دیگر شعبوں میں تعاون کر رہے ہیں۔
یہ وزیراعظم عمران خان کا قطر کا دوسرا دورہ تھا۔ امیر قطر نے جون 2019ء میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ ان کے دورے میں مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ ملا تھا۔
وزیراعظم عمران خان کے دورہ قطر کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ دونوں سربراہان میں ون آن ون ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر بھی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت علاقائی اور عالمی امور پر گفتگو ہوئی۔
وزیراعظم اور امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے دونوں ممالک کے درمیان سماجی اور معاشی پارٹنرشپ مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم نے امریکا اور طالبان کے درمیان معاہدے میں قطر کے کردار کو سراہا۔ معاہدے پر 29 فروری کو دستخط ہونے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ افغان مفاہمتی عمل کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ امید ہے کہ تمام سٹیک ہولڈرز افغانستان میں استحکام کے لئے کردار ادا کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں جاری مسلم مخالف فسادات پر گہری تشویش ہے۔ ہندتوا نظریے سے متاثر موجودہ بھارتی حکومت ان فسادات کی ذمہ دار ہے۔
وزیراعظم نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ آر ایس ایس نظریات پر چلنے والی بی جے پی حکومت کشمیریوں کے حقوق پامال کر رہی ہے۔